ٹوکیو(عرفان صدیقی)ساہیوال میں پولیس کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکت نے جاپان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو شدید غم اور تکلیف کا شکار کردیا ہے جاپان میں مختلف سیاسی ،سماجی اور مذہبی تنظیموں نے اس اندوہناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بے لگام قانون کے رکھوالے ہی قانون شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں انھیں عبرت ناک سزا دیکر ہی حکومت عوام کا غم و غصہ کم کرسکتی ہے ، اس حوالے سے پاکسان ایسوسی ایشن جاپان کے صدر ملک یار محمد خان نے اس سفاکانہ قتل کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسا انصاف کیا جائے جو نظر بھی آئے پیپلز پارٹی جاپان کے رہنما شاہد مجید نے کہا کہ جب تک معصوم بچوں کو انصاف نہیں ملے گا عوام کو چین نہیں ملے گا ، پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ فوری انصاف نہ کیا گیا تو مظلوموں کی آہ حکومت کو بہا لے جائے گی مذہبی رہنما حاجی انعام الحق نے کہا ہے کہ عمران خان انصاف کریں اس سے پہلے کہ اللہ کا انصاف ہوجائے ۔