• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ملالہ کا پریمیئر لندن میں25جنوری کو ہوگا، معروف شخصیات شریک ہوںگی

لندن (ودود مشتاق) بھارت میں رہ کر ملالہ پر یا کسی بھی مثبت موضوع پر فلم بنانا آسان کام نہیں اس مقصد کےلئے ہم نے دن رات تحقیقات کیں اور اب یہ فلم دنیا کے تعلیم سے محروم بچوں کےلئے مشعلِ راہ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار نوبل انعام یافتہ پاکستان کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے ڈائریکٹر امجد خان رائٹر بشواتی چکروردی اور معاون پروڈیوسر شاہد خان نے لندن پہنچنے پر ہیتھرو ائر پورٹ پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر امجد خان نے کہا کہ ملالہ ایسا کردار ہے جس نے تشدد برداشت کیا لیکن تعلیم کی لگن کو جاری رکھا اور ہمت نہ ہاری۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کی اس حوصلہ مندی نے ہمیں مجبور کیا کہ کہ اس طرح کے موضوع پر فلم بننی چاہئے تاکہ تعلیم کے حصول کےلئے بچوں میں حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ انہیں احساس تھا کہ بھارت میں رہتے ہوئے کسی بھی مثبت موضوع پر فلم بنانا آسان کام نہیں ہوگا جس کا تعلق پاکستان سے ہو لیکن لوگوں کی حوصلہ افزائی نے ہمارے حوصلے بھی بلند کردیئے اور آج ہم نے ایک کامیاب فلم بنا ڈالی۔امجد خان نے بتایا کہ فلم کا پریمئر شو لندن میں 25جنوری کو ہو رہا ہے جس میں ملالہ یوسف زئی کے علاوہ پاکستان اور بھارت سے معروف شخصیات شرکت کررہی ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملالہ کی فلم بنائے ہوئے کرداروں کی تلاش مشکل کام تھا کیونکہ ہو بہو مشابہت رکھنے والےلوگ ملنا مشکل تھا تاہم یہ مرحلہ بھی کامیابی سے طے ہوا۔فلم کی رائٹر بشواتی چکروتی نے کہا کہ کہانی پر میں نے مکمل جانچ پڑتال کی اور اس مقصد کےلئے پاکستان سے بھی لوگوں سے مدد حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم سے لوگوں کو پتہ چل سکے گا کہ پاکستان میں بچے مشکلات کے باوجود کس طرح اپنی جان خطرے میں ڈال کر بھی ہمت اور حوصلے کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو اس بات کا ادراک ہے کہ رات کو اگر خوف ہے تو دن بھی ضرور آئےگا اور دن کی روشنی میں وہ پوری لگن کے ساتھ کام کررہے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب حالات بہتر ہوئے ہیں اور امن و امان کی صورتِ حال بھی تسلی بخش ہے تاہم ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل دینا ہوگا۔ اس موقع پر معاون پروڈیوسر شاہد خان نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مالالہ یوسف زئی جدوجہد کی علامت بن چکی ہیں اور انکی کامیابیاں دوسروں کےلئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہ ملالہ پاکستان کی بیٹی ہے جو تعلیم اور خواتین کے حقوق کےلئے جدوجہد کررہی ہیں۔
تازہ ترین