کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان بار کونسل نے ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے معصوم لوگوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث سی ٹی ڈی کے گرفتار اہلکاروں کی بجائے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مقصد قاتلوں کو چھوڑنے کی راہ ہموار کرنا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سانحہ ساہیو ال میں ملوث اہلکاروں نے ظلم کی انتہا کردی ،ماں باپ کو ان کے بچوں کےسامنےقتل کرکے ظلم کی انتہا کردی لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہےکہ پنجاب حکومت قاتلوں کی پشت پناہی کررہی ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے اس سے قبل بھی ملک بھر میں بے گناہ لوگ جعلی پولیس مقابلوں میں مارے گئے اور بے گناہ لوگوں کی مسخ لاشیں ملیں جس پر ملک بھر میں احتجاج بھی کیا گیا لیکن ریاستی دہشت گردی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے آج اس قسم کے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔لیکن ایک بار پھر ان قاتلوں کو بچانے کیلئے مختلف قسم کے حربے استعمال ہورہے ہیں اور بے گناہ لوگوں کو دہشت گرد اور ریاستی دہشت گردوں کو محافظ کا لقب دیا جارہا ہے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان بار کونسل سانحہ ساہیوال میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کرتا ہے اور اس سلسلے میں آج بدھ 23 جنوری کو بلوچستان بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔