وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے کےحوالے سے بیوروکریسی پر دھیان رکھیں، بیوروکریسی ساہیوال واقعے پراثرانداز نہ ہونے پائے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ساہیوال واقعے کے حوالے سےجے آئی ٹی رپورٹ پربحث بھی کی گئی۔
وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کو ہدایت کی کہ ساہیوال واقعے پر میڈیا کو اعتماد میں لیا جائے، ساہیوال واقعے کےحوالے سے بیوروکریسی پردھیان رکھیں، بیوروکریسی ساہیوال واقعے پر اثرانداز نہ ہونےپائے۔
اجلاس میں قومی اسمبلی سیشن میں ماحول بہتررکھنے کے لیے حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
اس سے پہلے سانحہ ساہیوال پرجے آئی ٹی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں حکومت پنجاب کے اقدامات پر بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی افسروں کو قتل کا ذمے دار قرار دے دیا گیا جبکہ سانحہ ساہیوال میں مقتول میاں بیوی اور انکی بیٹی بے گناہ ثابت ہوئےہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کے سربراہ سمیت 3 افسروں کو تبدیل کردیا گیا جبکہ 2 افسروں کو معطل بھی کردیا گیا اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کے لیے سفارشات طلب کرلیں اور مسقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی سفارشات طلب کی گئی ہیں۔