• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج ساہیوال واقعے کو اٹھانا مناسب نہیں تھا، شاہ محمود

پاکستان تحریک انصاف ک رہنما اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ دل دہلادینے والا ہے، دو دن سے اس افسوسناک واقعےپر ایوان میں بحث ہورہی ہے ،آج ساہیوال واقعے کو اٹھانا مناسب نہیں تھا لیکن انہوں نے اٹھایا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ساہیوال واقعے کی فوری طور پر مذمت کی گئی،وزیراعلیٰ صاحب موقع پر پہنچے اور جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کیا۔


انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کرارہے ہیں تاکہ مکمل حقائق سامنے آسکیں،شفاف ٹرائل ہوگا حقائق سامنے لائے جائیں گے، سرکاری افسران کیخلاف کارروائی کرکےمعطل اورعہدوں سے ہٹادیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں واقعات کو دبانے کی کوشش کرتی رہیں، کسی قصوروار کو تحفظ دینے کا ارادہ تھا، نہ ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ خلیل اور اس کا خاندان بے گناہ تھا، ذیشان سے متعلق کہا گیا ہے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

شاہ محمودقریشی کہنا تھا کہ کسی قصور وار کو نہیں بخشا جائے گا، حقائق نہیں چھپائے جائیں گے، ایف آئی آر درج کی گئی، انویسٹی گیشن کے نتیجے میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، واقعے کا مقدمہ انسداددہشت گردی عدالت میں چلایا جائے گا، حقائق عوام کے سامنے پیش کیے جائینگے جو قصوروار ہے اسے سزاد ی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کیمرا بریفنگ دینے کے لئے بھی تیار ہیں، کسی کی پردہ پوشی نہیں کرنا چاہتے۔

شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

اس دوران شہباز شریف نے اپنے ارکان کو خاموش رہنے کی ہدایت کی جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی اسید قیصر بھی اپوزیشن ارکان کو خاموش کرانے کی کوشش کراتے رہے۔

تازہ ترین