• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال میں ملوث اہلکاروں کو پھانسی دی جائے، ارشد غازی

بری(نمائندہ جنگ) سانحہ ساہیوال نے جہاں پورے پاکستان کے عوام کو غمزدہ کردیا ہے وہیں بیرون ملک بسنے والے ہم وطنوں کے دل بھی افسردہ ہیں۔ تارکین وطن کی اکثریت نے ساہیوال میں ہونے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ افراد کو بے دردی سے قتل کرنے والے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ مرکزی رابطہ سیکرٹری ن لیگ برطانیہ راجہ ارشد محمود غازی نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کو سرعام پھانسی دی جائے تاکہ شہداء خاندانوں کو انصاف مل سکے۔ معصوم بچوں کے سامنے والدین کو بے دردی سے قتل کرنا انسانیت کی توہین ہے۔ رہنما ن لیگ راجہ حق نواز خان نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حکومت جلد از جلد حقائق سامنے لاکر ملوث اہلکاروں کو نشان عبرت بنائے۔ کونسلر شاہینہ ہارون نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں سیکورٹی اہلکاروں کے سفاکانہ کردار نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ۔ حکومت شفاف تحقیقات کراکے مظلوم خاندانوں کو انصاف فراہم کرے۔ پی ٹی آئی برطانیہ کے رہنما سید نوید شاہ نے سانحہ ساہیوال کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ نے پاکستان کے سسٹم کو ہلا کر رکھ دیا ہے، پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے سے کیا ہوگا نظام تبدیل کرنا ہوگا۔
تازہ ترین