اسلام آباد(جنگ نیوز)اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار وزیراعظم کی اجازت کے بغیر ایک کاغذ نہیں ہلاسکتے، ہم نےسانحہ ماڈل ٹاؤن پر اسی رات متعلقہ افسروں کو ہٹایا، عدالتی کمیشن کااعلان کیا، رانا ثناء اللہ نے استعفیٰ دیا ۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر 72؍ گھنٹے میں رپورٹ سامنے لانے کا کہا گیا جو نہیں لائی گئی، ہم نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جے آئی ٹی نہیں بنائی بلکہ ہائیکورٹ کے جج پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کا اسی رات اعلان کیا تھا۔