• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدم ادائیگی پر پی ایس او نے راولپنڈی پولیس کو ایندھن کی فراہمی بندکردی

راولپنڈی ( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس کو عدم ادائیگی کی بناپر پی ایس اوکی جانب سے ایندھن کی فراہمی بندکردی گئی۔ ذرائع کے مطابق تقریباً دوماہ سے ایندھن کے لئے راولپنڈی پولیس کوسینٹرل پولیس آفس لاہورسے فنڈزفراہم نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے پاکستان سٹیٹ آئل کوتقریباً 2کروڑروپے کے واجبات کی ادائیگی نہیں ہوسکی جس کے باعث پولیس کی گاڑیوں کوفیول کارڈزکے ذریعے پٹرول اورڈیزل کی فراہمی گزشتہ ایک ہفتہ سے بندکردی گئی ہے ایندھن کی فراہمی بندہونے سے پولیس گاڑیوں کو گشت کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس اپنی گاڑیوں کومتحرک رکھنے کے لئے ادھارایندھن لے کرکام چلانے کی کوشش کررہی ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے فنڈزکی فراہمی بندہونے سے راولپنڈی پولیس کے ترقیاتی پراجیکٹس پہلے ہی بندہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے سیف سٹی پراجیکٹ بلڈنگ ،سی پی او آفس کمپلیکس ،ڈولفن فورس کی بلڈنگ اورپولیس لائنزمیں سابق صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے تعمیراتی منصوبوں پرکام بندہے اوراب فیول کی فراہمی بھی بندہوگئی ہے۔ راولپنڈی پولیس کے متعلقہ حکام کاکہناہے کہ فیول کارڈزکے ذریعے پٹرول وڈیزل کی فراہمی بندہوئی ہے لیکن کام چلانے کے لئے پٹرول پمپس سے ادھارپٹرول وڈیزل لیاجارہاہے ۔واجب الادارقم ملنے پرمتعلقہ ادارے کی جانب سے ایندھن کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔
تازہ ترین