• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب آپ کالج یا یونیورسٹی میں داخلہ لیتے ہیں تو بہت دھیان اور چھان بین کے بعد اسے منتخب کرتے ہیں، خاص طور پر تعلیمی نصاب، فیکلٹی اور سہولیات پر سمجھوتہ نہیں کرتے۔ اس ادارے کے سارے عیوب و محاسن کو ذہن میں رکھ کر آپ وہاں قدم رکھتے ہیںلیکن سارا سال آپ پڑھائی کرتے ہوئے نہیں گزار سکتے۔ ہر وقت پڑھنا، لیکچر سننا، اسائنمنٹ کی تیار ی میں لگے رہنا اور وائیوا کی تیار ی وغیرہ کی وجہ سے بعض اوقات آپ کا دل پڑھائی سےاچاٹ بھی ہو جاتاہے۔ ایسے میں غیرنصابی سرگرمیاں آپ کی پڑھائی اور ارتکاز توجہ میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس ضمن میں اگر آپ کالج یا یونیورسٹی کی غیر نصابی سہولیات کو بھی مد نظر رکھیں تو مستقبل میں آپ کو فائدہ ہوسکتاہے۔ اگر آپ امتحانات سے فارغ ہوچکے ہیں اور آپ کے پاس کچھ دن فرصت ہے تو ان کو غیر نصابی سرگرمیوں میں صرف کریںلیکن اس کیلئے بھی دانشمندی سے کام لینا ہوگا ۔

غیر نصابی سرگرمی وہی منتخب کریں جوآپ کوپسند ہو، تاکہ آپ اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔ بیشتر طالب علم صرف اپنی جاب ایپلیکشن میں خالی جگہ بھرنے کیلئے کھیل یا دیگر غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ کالج یا یونیورسٹی میں ہونے والی کچھ غیرنصابی سرگر میاں ذیل میں بتائی جارہی ہیں، جن میں سے کسی بھی ایک یا دو میں آپ اپنی دلچسپی اور رحجان کے مطابق حصہ لے سکتے ہیں۔

اکیڈمک ٹیم اور کلب

کالج یا یونیورسٹی کی اسپورٹس ٹیم یا کلب میں شامل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ مسابقت کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور صحت مند مقابلہ بازی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہارعمدگی سے کر سکتے ہیں۔ کالج یا یونیورسٹی کی کرکٹ، ہاکی یا فٹبال ٹیم یا پھر کسی بھی دوسری اسپورٹس ٹیم کے اگر آپ اہم ممبر ہیں توآپ قومی سطح پر بھی اپنی پہچان بنا سکتے ہیں۔ کھیلوں میں حصہ لینے سے آپ فٹ رہتے ہیں،خون کی روانی بہتر ہوتی ہےاور اس سے دماغ بہتر کام کرتاہے ۔

تقریر و خطابت

حالات حاضرہ یا کسی بھی دیے گئے موضوع پر دلیل کے ساتھ بولنا ، اس کا دفاع کرنا یا اس کیلئے قائل کرنا ایک زبردست صلاحیت ہے۔ فصاحت و بلاغت سے تقریر کرنے والے طلباکالج یا یونیورسٹی کی آنکھ کا تارہ ہوتے ہیں۔ جس طرح آپ زبانی کلامی اپنے خیالات سے دوسروں کو متاثر کرے اور انھیں اپنا ہمنوا بناتے ہیں، اسی طرح آپ اپنے امتحان میں مدلل اور جامع تحریروں سے ممتحن کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔

فنون لطیفہ

آپ بھلے میتھ، فزکس یا کیمسٹری پڑھ رہےہوں،لیکن اگر آپ میںتخلیقی صلاحیتیں ہیںتو اس کا اظہا رکرنے سے نہ کترائیے۔ تخلیقی فنون جیسے کہ میوزک، ڈرامہ یا ویژول آرٹس کی سرگرمیوںمیں حصہ لیں ، ایسا کرنے سے آپ کے ارتکاز توجہ کو مہمیز ملے گی۔ آپ کالج یا یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی مقابلے جیت کر اپنی پہچان بھی بناسکتے ہیں۔

انٹرن شپ

کالج یا یونیورسٹی میں پڑھتے ہوئے اگر کوئی قابل قبول انٹرن شپ کا موقع ملےتو اسے ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ انٹرن شپ کرنے سے آپ کو اپنی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان خامیوں کا بھی پتہ چلتاہے جن کو پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے سے قبل دورکرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس سے آپ کو یہ بھی انداز ہ ہوتاہے کہ آپ کے اندر ذہنی دباؤ برداشت کرنے یا کورس کا لوڈ اٹھانے کی کتنی صلاحیت ہے۔

کلچرل کلب

طالب علموں کو سماجی خرابیوں سے دور رکھنے کیلئے کالجز اور یونیورسٹیاں ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد کرتے ہیں اور ان کیلئے کلچرل کلب بھی تشکیل دیتے ہیں۔ اس کلب کے تحت مقامی اور عوامی سطح پر ہونے والی ثقافت کو اُجاگر کیا جاتاہے، قومی دن کے حوالےسے تقریبات کا انعقاد کیا جاتاہے، رفاہِ عامہ کی آگاہی کے پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں اور قومی دنوں یا ہیروز کی یاد میں پروگرام کیے جاتے ہیں۔

رضاکارانہ اور کمیونٹی خدمات

بہت سے کالجز اور یونیورسٹیاں سماجی سطح پر رضاکارانہ کام بھی کرواتے ہیں۔ مثلاً کالج یا یونیورسٹی کے باہر کی سڑکوں کی صفائی یا گارڈن کو نئے سرے سے منظم کرنا وغیرہ، یہ ایسی سرگرمیاں ہیں جن میں آپ بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکتے ہیں۔ اسی طرح اگر آپ پڑھانے میں اچھے ہیں توکچھ وقت نکال کر محلے کے مستحق بچوںکو پڑھادیں یا پھر آپ اچھے آرٹسٹ ہیں تو دوسروں کو آرٹ کی تعلیم دے دیں۔

میگزین یا مجلہ

سہ ماہی یا شش ماہی بنیادوں پر کالجز اور یونیورسٹیاں اپنا نیوز لیٹر، مجلہ یا میگزین شائع کرتی ہیں، آپ اس میں شامل ہوسکتے ہیں۔ آپ اپنے لکھے گئے مضامین اس میں شائع کرواسکتے ہیں، جس سے دوسرے طلباء کو بھی فائدہ ہوگا۔ آپ کے اندر مدیرانہ صلاحیت ہے تو آپ ان جیسے پرچوں کے ایڈیٹر بھی بن سکتے ہیں۔

ایتھلیٹکس

کھیلوں میں حصہ لینے سے آپ کے ٹیم ورک، لیڈر شپ اور جوش و جنون کا پتہ چلتاہے ۔ ایتھلیٹکس سرگرمیاں آپ میں فٹنس او ر جذبہ کو پروان چڑھاتی ہیں۔ پڑھائی کے ساتھ اس قسم کی سرگرمیاں زندگی میں توازن لاتی ہیں اور مسابقت کا جذبہ پیدا ہوتاہے ۔ وہ دوست جسے آپ میتھ کے مارکس میں نہ ہراسکیں اسے ریس میں ہرا کر آپ اپنی منفی سوچوں کو ختم کرسکتے ہیں۔ مسابقت کا جذبہ اور جیتنے کا احساس آپ کی آئندہ زندگی میں بہت اہم کردار اداکرے گا۔

تازہ ترین