لاہور (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا اور یقین ظاہر کیا ہے کہ وہ ہر صورت میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے۔تحریک انصاف کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم کو سانحہ ساہیوال کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے اور وزیر اعظم نے انہیں ہدایات دی ہیں کہ وہ انصاف کے تقاضوں کو ہر صورت میں پورا کریں اور کسی دبائو میں نہ آئیں۔ ان ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس کیس میں ہونے والی اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔