• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے میں مستقل سی ای او کے بعد سی ایف او کیلئے بھی اشتہار

کراچی (اسد ابن حسن) گزشتہ دنوں اسلام آباد میں منعقد ہونے وال اعلیٰ سطح کی میٹنگ جس میں وزیراعظم، عسکری قیادت اور وفاقی وزراء شریک تھے، اس میں قومی ایئرلائن کے حوالے سے 30کے قریب فیصلے ہوئے جس کے بعد بتدریج ان پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ایئرلائن کے مستقل چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کیلئے اشتہار شائع ہوا اور اب ہفتہ کو چیف فنانشل آفیسر کیلئے اشتہار شائع ہوگیا ہے۔ تیسری اہم پوسٹ چیف کمرشل آفیسر کیلئے بھی بہت جلد اشتہار شائع کردیا جائے گا۔ ان تمام امور کی تصدیق ترجمان پی آئی اے نے کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے قومی ایئرلائن کے مستقل چیف ایگزیکٹو کیلئے اشتہار شائع ہوا اور پہلی مرتبہ 30سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ مذکورہ حوالے سے اسلام آباد کی اعلیٰ سطح میٹنگ میں فیصلہ ہوا۔ اسی میٹنگ میں چیف فنانشل آفیسر کی مستقل تعیناتی کیلئے بھی فیصلہ ہوا کیونکہ سی ای او ارشد ملک بھی قائم مقام ہیں اور ایئرفورس سے ڈیپوٹیشن پر آئے ہیں جبکہ سی ایف او کا اضافی چارج بھی کافی عرصے سے جنرل منیجر اسد عباس کے پاس ہے۔ مذکورہ دونوں اشتہارات میں خاص طور پر یہ تحریر کیا گیا ہے کہ درخواست کنندہ دہری شہریت کا مالک نہ ہو کیونکہ چیف ہیومن ریسورس عاصمہ باجوہ کی تعیناتی کے بعد یہ اعتراضات اُٹھے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی دہری شہریت کا حامل ہیں۔ سی ای او کی عمر کی حد 62برس رکھی گئی ہے جبکہ سی ایف او کیلئے حد 55برس مقرر کی گئی ہے۔ سی ایف او کی تعیناتی بھی دو برس کیلئے جوکہ بعد میں قابل تجدید ہوگی۔ تعیناتی کے امیدواروں کیلئے کافی سخت شرائط رکھی گئی ہیں۔ ادھر ایئرلائن کے انتہائی باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا کہ ہیڈکوارٹر کی اسلام آباد منتقلی کا فیصلہ ناقابل عملدرآمد قرار دے دیا گیا ہے کیونکہ اسلام آباد میں پہلے ہی ادارے کا ایک لائژن آفس اور دوسرا سی ای او کا موجود ہے اور تمام معاملات میں کوئی خرابی نہیں ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ مذکورہ تعیناتیاں حکومتی فیصلے کے مطابق ہورہی ہیں۔ سی ای او کی تعیناتی وزارت شہری ہوابازی کی اور ایوی ایشن ڈویژن خود مانیٹر کررہے ہیں اور وہی حتمی فیصلہ کریں گے جبکہ مستقل سی ایف او کی تعیناتی کیلئے بھی اشتہار دے دیا گیا ہے جبکہ مستقل سی سی او کی تعیناتی کیلئے بھی جلد اشتہار شائع کردیا جائے گا۔ ہیڈکوارٹر کی منتقلی کے متعلق اُنہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ان کے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں۔
تازہ ترین