پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
اس سےقبل پی ٹی آئی نے آصف زرداری کو نااہلی قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں درخواست دائر کی تھی جسے کمیشن نے واپس کردیا تھا۔
بعد میں رہنما تحریک انصاف رہنما عثمان ڈار نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں آصف زرداری کی نا اہلی کیلئے درخواست دائر کی تاہم رجسٹرار نے پہلے مناسب فورم سے رجوع کرنے کا کہہ کر درخواست واپس کر دی تھی۔
تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے اعتراض کے بعد اب آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں آصف زرداری، الیکشن کمیشن اور سیکریٹری قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ اپنے اثاثے چھپانے کی وجہ سے آصف زرداری صادق اور امین نہیں رہے،وہ حلقہ این اے 213 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں حالانکہ وہ اس کے اہل نہیں ہیں۔
درخواست گزاروں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ آصف علی زرداری کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے
تحریک انصاف نے یہ دعویٰ بھی کیا ہےکہ آصف زرداری امریکا میں ایک فلیٹ کے مالک بھی ہیں جس کی ملیکت انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کی تھی۔