• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی کا ماحول بہتر رکھنے کیلئے 13 رکنی نگراں کمیٹی قائم، عمران، شہباز، زرداری بھی شامل، اسپیکر کا ن لیگ سے رابطہ

اسلام آباد(ایجنسیاں) قومی اسمبلی کے اجلاس کو احسن انداز میں چلانے کے لئے اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم عمران خان ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین ورکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری سمیت 13 ارکان پر مشتمل پارلیمانی ضابطہ اخلاق کمیٹی کا اعلان کردیا ہے‘کمیٹی کے چیئرمین اسپیکر قومی اسمبلی ہوں گے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والی تحریک پر قواعد و ضوابط کے قاعدہ 2007ءکے قاعدہ 244(B)کے تحت حاصل اختیار کو بروئے کار لاتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق کمیٹی قواعد و ضوابط کے تحت ارکان قومی اسمبلی کے رویوں کا جائزہ لے گی اور سپیکر قومی اسمبلی اور ایوان کی طرف سے ارکان کے رویوں کے حوالے سے بھجوائے گئے کیسز کی چھان بین بھی کرے گی۔کمیٹی بے بنیاد ثبوتوں کے بغیر میڈیا پر آنے والے کسی بھی معاملے یا عدالت میں زیربحث مقدمے پر کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔کمیٹی سہ ماہی بنیاد پر ارکان اسمبلی کے رویوں کے متعلق رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی اور کمیٹی کو اپنے قواعد و طریقہ کار بنانے کا اختیار ہوگا۔کمیٹی کے ارکان میں عمران خان ،شہبازشریف ، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ، وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، ارکان قومی اسمبلی آصف علی زرداری ، اسد محمود ، خالد حسین مگسی، اختر مینگل، غوث بخش مہر ،نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور امیر حیدر خان ہوتی شامل ہیں۔دریں اثناءاسپیکر قومی اسمبلی نے ن لیگ کے سینئر رہنماوں سے رابطے کر کے اپیل کی کہ ایک دوسرے کی قیادت پر ذاتی حملے نہ کئے جائیں ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے ایوان کا ماحول خراب کرنے کی ذمہ داری چند وزراء پرڈال دی اور کہاکہ فواد چوہدری ‘شیخ رشید، مراد سعید اور شہریار آفریدی ماحول خراب کرتے ہیں‘اگر حکومت چاہتی ہے کہ وزیراعظم کی ذات پر تنقید نہ ہو تو اپنے وزراء کو کنٹرول کریں‘ہماری قیادت پر ذاتی حملے ہوں گے تو جواب ضرور دیں گے‘ اسپیکر ماحول خراب کرنے والے وزراء کے خلاف سخت ایکشن لیں۔

تازہ ترین