راولپنڈی(نمائندہ جنگ) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ملاقات کی اور انہیں سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ شیخ رشید احمد نے ایپکا کے وفد کو تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر فورم پر سرکاری ملازمین کے حقوق اور مسائل کے حوالے سے آواز بلند کریں گے، انہوں نے وفاقی وزیرخزانہ سے ملاقات کرکے سرکاری ملازمین کے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کرنے کا وعدہ کیا۔حاجی ارشاد نے وفاقی وزیر کو ایپکا کا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ملک بھر کے سرکاری ملازمین کے مطالبات پورے کرے۔