• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی آئی جی کمپلیکس لورالائی کلیئر کرالیا گیا

سیکیورٹی فورسز نےڈی آئی جی کمپلیکس لورالائی کو کلیئر کرا لیا، واقعے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پولیس میں بھرتی کےلئے 800 کے قریب امیدوار کمپائونڈ میں موجود تھے،3 خود کش بمباروں نے دوپہر کو ڈی آئی جی آفس کمپائونڈ میں داخلے کی کوشش کی۔


آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے ایک خودکش بمبار کو گولی ماری تو اس نے خود کو اڑالیا، باقی 2 خودکش بمبار فائرنگ کرتے ہوئے ایک کمرے میں گھس گئے۔

حملہ آوروں کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21 زخمی ہوگئے،مرنے والے دیگر افراد میں پولیس کے 5 سول ملازمین اور ایک امیدوار شامل ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے کمرے میں پناہ لینے والے 2 خود کش بمباروں کو ہلاک کردیا اور تمام امیدواروں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔

حملے میں زخمی ہونے والوں کو فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے بعد ڈی آئی جی کمپلیکس سمیت علاقے کا سرچ آپریشن کیا اور علاقے کو کلیئر کرالیا۔

تازہ ترین