ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا)تعلق باالرسالت اور اخلاص و عمل کے حسن نے علامہ محمد یوسف سلطانی ؒ کو اعزاز عظیم سے مشرف کردیا۔ ناموس رسالتؐ کے سلسلے میں ان کی قربانی نہ صرف اس دنیا بلکہ آخرت میں بھی باعث عزت و عظمت ہے۔ پیرانہ سالی اور ضعف کے عالم میں انہوں نے قید وبند کی صعوبتیں خندہ پیشانی کے ساتھ برداشت کرتے ہوئے جان، جان آفریں کے سپرد کردی اور تاریخ میں اپنا نام عشاق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی فہرست میں ثبت کروالیا۔ ان خیالات کا اظہار جید علمائے کرام نے شہید ناموس رسالتؐ علامہ محمد یوسف سلطانی ؒ کے لئے ان کے صاحبزادے علامہ محمد سجاد رضوی کی رہائش پر کیا۔ علامہ مفتی محمد انصرالقادری، علامہ محمد فاروق نظامی، علامہ اعجاز رسول، علامہ پیرسید غلام دستگیر شاہ، علامہ مقصود احمد، مولانا غلام یاسین، حافظ ولی الاحسن حافظ آفتاب احمد اور دیگر کثیر علمائے کرام نے برطانیہ کے مختلف شہروں سے صاحبزادہ محمد سجاد رضوی کی رہائش پر جاکر ان کے والد گرامی شہید ناموس رسالتؐ حضرت علامہ محمد یوسف سلطانیؒ کے لئے فاتحہ خوانی کی اور اپنے قلبی جذبات کا اظہار کیا۔ علمائے کرام نے صاحبزادہ علامہ محمد سجاد رضوی سے ہمدردی کا اظہار کیا اور علامہ مرحوم کے مشن کو جاری رکھنے کے لئے اپنے تعاون اور نیک جذبات کے ساتھ کامیابی کی دعا کی۔