• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود قریشی کی یکجہتی پروگرام میں شرکت سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہونگے

سلائو (رپورٹ اورنگزیب چوہدری) دنیا بھر میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو عالمی دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے متفقہ اور مشترکہ کوششوں کو یقینی بنائیں۔ پانچ فروری کو برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اجتماع کو کامیاب بنانے کے لئے مل کر کام کریں گے۔ مسئلہ کشمیر تمام کشمیریوں کا مشترکہ اجتماعی ایشو ہے، کشمیریوں کی لازوال بے مثال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے سابق وزیر برقیات و اطلاعات محمود ریاض، سابق ممبر کشمیر کونسل و مشیر وزیراعظم پاکستان چوہدری یعقوب، سابق بانی میئر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عبدالرزاق نے جنگ لندن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی پارلیمنٹ جمہوریت کی ماں کا درجہ رکھتی ہے۔ اس لئے برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے یوم یکجہتی کشمیر کی اپنی ایک منفرد اہمیت اور حیثیت ہے۔ انہوں نے برٹش کشمیریوں اور پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ممبران پارلیمنٹ و ممبران یورپین یونین سمیت کونسلرز برطانوی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کو پانچ فروری کے مظاہرے میں شرکت کی دعوت دیکر لابنگ مہم کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم کشمیریوں کی تحریک کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ مسئلہ کشمیرکا حل اس وقت فصیلہ کن مراحل تک پہنچ چکا ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی پروگرام میں شرکت سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ دونوں اطراف کے کشمیری حکومت پاکستان کے اس مثبت اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ برٹش کشمیری برطانوی پارلیمنٹ سمیت برطانوی حکومت سمیت برطانیہ کی تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کروانے میں اپنا مثبت تعمیری کردار ادا کریں۔ برٹش کشمیری مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی جہدوجہد جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین