گوجرانوالہ( نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل) واپڈا ٹائون میں مسلم لیگ ق کے رہنما اور ارائیں برادری کے صدر بائو کاشف مہر کو فائرنگ کرکے گارڈ سمیت قتل کردیا گیا، خاندانی ذرائع کے مطابق ملزم عامر اور بائو کاشف مہر پراپرٹی کا لین دین کرتے تھے گزشتہ روز ملزم عامر نے کسی پراپرٹی کے حوالے سے 7 کروڑ کا مطالبہ کیا بائو کاشف مہر نے نقدی اور چیکوں کی شکل میں رقم ادا کردی جس کے بعد ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اندھا دھند فائرنگ کردی ، ڈاکٹرز کے مطابق مہر کاشف کو 5 گولیاں لگیں اور سر میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔بائو کاشف صدیق مہرچند دن پہلے تحریک انصاف سے مسلم لیگ ق میں شامل ہوئے تھے ، اور دوسال قبل پیپلزپارٹی کے سٹی صدر خالد ہمایوں قتل کیس میں رہا ہوئے تھے۔حملہ آور بائو کاشف کے داماد کا بھائی تھا،وزیر اعلیٰ نے نوٹس لے لیا ،ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیدیا ہے،بائو کاشف مہر کے قتل کی خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ،ارائیں برادری، ق لیگی رہنما اور شہریوں کی کثیر تعداد ان کے گھر پہنچ گئی ۔