کوئٹہ(پ ر) بلوچستان بار کونسل کے ایک بیان میں لورالائی ڈی آئی جی آفس میں خودکش حملے اور بے گناہ لوگوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور امن وامان بحال کرنے والے ادارے عوام کی جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں۔ لورالائی اور بلوچستان کے دیگر علاقے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں۔ آئے روز بم دھماکے قتل وغارت کے بڑھتے ہوئے واقعات سیکورٹی اداروں کے کارگردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نام پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں اور اس کے باوجود بھی لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں بدامنی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور لوگوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔