• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ، ڈاکٹروں کا بائیکاٹ، اغوا کاروں کی گرفتاری کا مطالبہ

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ کے ڈاکٹروں کا سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ نیورو سرجن ابراہیم خلیل کے گھر واپس آجانے کے باوجود جاری ہے۔

ڈاکٹروں کی ایکشن کمیٹی نے ڈاکٹرابراہیم خلیل کے اغوا کاروں کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔

ڈاکٹروں کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز کے بائیکاٹ اور بندش کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔

ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک او پی ڈیز کا بائیکاٹ جاری رہے گا، مطالبات میں ڈاکٹروں کے لیے فوری طور پر مؤثر سیکیورٹی پلان کی تشکیل بھی شامل ہے۔

ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے خاندان کی طرف سے ادا کیے گئے تاوان کے ازالے اور اغوا کاروں کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ نیورو سرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو گزشتہ ماہ ان کے گھر کے باہر سے اغوا کر لیا گیا تھا، چند روز قبل کی ان کی رہائی عمل میں آئی ہے۔

ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اہل خانہ اور ڈاکٹر ایکشن کمیٹی کے مطابق ان کی رہائی 5 کروڑ روپے تاوان کی ادائیگی کے عوض عمل میں آئی ہے۔

ڈاکٹر ابراہیم خلیل کے اغواء کے بعد سے کوئٹہ کے ڈاکٹر سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین