• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب لاہور، شہباز شریف، حمزہ شہباز، فواد حسن فواد کیخلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری

لاہور (نمائندہ جنگ)ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی صدارت میں ریجنل بورڈ میٹنگ میں رمضان شوگر ملز کیس میں جاری تحقیقات مکمل کرتے ہوئے کرپشن ریفرنس حتمی منظوری کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کرنے کےاحکامات جاری کئے گئے ۔ ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملزحمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام ہیں۔ ریفرنس چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائیگا۔ ریجنل بورڈ نے سابق پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم فواد حسن فواد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنیکی منظوری بھی دی،فواد حسن فواد پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔ بورڈ میٹنگ میں سابق سفیر علی جہانگیر صدیقی اور دوسرے ڈائریکٹرز کیخلاف ایزگارڈ نائن کمپنی کیس میں جاری انکوائری کو انویسٹی گیشن کے مراحل میں داخل کرنیکی منظوری بھی دی گئی ۔ بہاولپور اور رحیم یار خان کے لینڈ ایکویزیشن کلکٹرز کیخلاف روڈ توسیعی منصوبے میں 31 ملین کی مبینہ کرپشن کے کیس میں ملزمان کی پلی بارگین درخواست کی منظوری کے احکامات بھی جاری کئے گئے ۔ ملزمان حسن محمود اور محمد فاروق پر بہاولپور تا رحیم یار خان روڈ توسیعی منصوبے میں مبینہ طور پر بوگس وائوچرز کے زریعے رقوم غبن کرنیکا الزام ہے۔ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے کہا نیب میں پسند نا پسندسے مبرا ہو کر تمام تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا رہاہے۔
تازہ ترین