لاہور(نمائندہ جنگ/مانیٹرنگ سیل)وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ہے کہ وزیراعظم خفا نہ ہوں ،مفت کی ڈیل قبول ہے نہ ڈھیل ،آصف زرداری چور ہیں مگر شریف خاندان کی طرح بزدل نہیں،یہ جان دے دیں گے پیسے نہیں،بلاول صاحب لونگ گواچا اور لانگ مارچ میں بڑا فرق ہے ۔ اگر مسلم لیگ (ن) اورپیپلز پارٹی پیسے دے رہی ہیں تو قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ڈیل ناکام ہوگئی ہے اور ڈھیل کا ففٹی ففٹی پروگرام چل رہا ہے، وزیراعظم عمران خان سے آج میں بہت بڑی بات کہنے جارہا ہوں، وہ خفا نہ ہوں اگر یہ دونوں جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پیسے دے رہی ہیں اور ان افواہوں میں حقیقت ہے تو قوم کو اعتماد میں لیا جائے، نہ مفت کی ڈیل قبول ہے نہ مفت کی ڈھیل قبول ہے، انہیں جانے نہیں دیں گے۔شیخ رشید نے شریف براداران کو بزدل سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کے کیس میں ہیرو بننے کی کوشش کررہے ہیں، ان دونوں کی بیماری 20 سال پرانی ہے اور شاید یہ لوگ ضمانت کروانے میں آسانی کے لیے بیماری رکھتے ہیں، انہیں ڈیل کرنی آتی ہے اور اب یہ ڈیل میں ناکامی پر ڈھیل کی طرف جارہے ہیں، یہ لوگ جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے۔