• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلہ کن قوت صرف عوام،ڈیل پی پی اور ن لیگ میں ہے،شاہ محمود

ملتان(نیوز ایجنسی ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فیصلہ کن قوت صرف عوام ہے، ملک میں جموریت، اٹھارویں ترمیم اور آئین کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن کچھ شخصیات کے مفادات کو خطرہ ضرور ہوسکتا ہے،حکومت کی ن لیگ سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی، بلکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں مک مکا اور ڈیل ہو رہی ہے، یہ لوگ اپنی سیاسی بقا کے چکر میں ہیں، ماضی میں دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر مقدمے بنائے ہیں، ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو کو لانگ مارچ کی ضرورت نہیں ، سندھ کی حکومت کو تحریک انصاف سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔آصف زرداری کی جانب سے حکومت گرانے میں میڈیا سے مدد مانگنے سے متعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود نے کہا کہ صحافیوں کا کام حکومت بنانا گرانا نہیں بلکہ رپورٹنگ کرنا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں الیکشن کے بعد جو بھی حکومت آئے گی اگر وہ پاکستان کے ساتھ ٹھیک ہوگے تو ہم بھی مل کر کام کریں گے، ہمارا ہندوستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں، وہ اپنے معاملات پاکستان پر نہ ڈالیں، اگر میں نے کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق سے رابطہ کیا ہے تو اس میں کوئی غلط بات نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ القاعدہ اور داعش کے خلاف ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، داعش ایسی قوت ہے جو خطے کو غیر مستحکم کرسکتی ہے، یہ افغانستان اور شام میں موجود ہے، میں نے چین، روس، امریکا، ایران، عمان سمیت مختلف ممالک کے دورے اور مذاکرات کیے، سب کا اتفاق ہے کہ داعش کو بڑھنا نہیں چاہیے، اس کے خلاف سب کو مل کر صف آرا ہونا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ 18 تاریخ کو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تشریف لا رہے ہیں، ڈالر کی قدر میں اضافہ ہونے کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہوا، ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی زیادہ سے زیادہ حج کریں، کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبہ نہ بنے۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں فیصلہ کن قوت صرف اور صرف عوام ہیں اور عوام فیصلہ کر چکے ہیں۔
تازہ ترین