اوکاڑہ(مانیٹرنگ سیل،خبر ایجنسی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہبازشریف ایک ہی بات اسپیکر کوکہنے گئے تھے کہاللہ،رسول کاواسطہ شیخ رشیدکوپی اےسی کاممبرنہ بنانالیکن عمران خان نے مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے نامزد کردیا ہے،نوازکی بیماری سیاسی ہے ،شہباز کیخلاف عدالت جائونگا،بلاول سیاسی نابالغ ، اپنے باپ کےاشارے پر چل پڑاہے، بلورانی نے کہا کہ میرے رنگ پسٹن بیٹھ گئے ہیں اس کا جواب5فروری کو فیصل آباد میں دوں گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اوکاڑہ ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آصف زرداری نے فالودے والے اور مُردوں کے نام پر اکاؤنٹ بنائے،وہ کرپشن میں دنیا کے سب سے بڑے مالیاتی گٹر ہیں جبکہ بلاول بھی اپنے والد کے پیچھے چل پڑا ہے،وہ لانگ مارچ نہیں لونگ مارچ کرے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ میاں نوازشریف کی بیماری سیاسی ہے جس کا علاج وہ بیرون ملک چاہتے ہیں،میاں برادران جب بھی اسیر ہوتے ہیں ان کو ایسی سیاسی بیماریاں لا حق ہو جاتی ہیں،شہبازشریف کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کی خلاف پیر یا منگل کو سپریم کورٹ جاؤں گا،درجنوں مقدمات کا ملزم عوامی احتساب کا چیئرمین نہیں بن سکتا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پارلیمنٹ کا سینئر ترین سیاستدان ہوں، شہباز شریف تو پہلی مرتبہ منہ اٹھاکر قومی اسمبلی میں آگیا ہے،شہبازشریف کے پاس کیا تجربہ ہے ،شہبازشریف نے تو پٹواری، تھانے اور بیوروکریٹ کےگھروں میں گھس جانےکی سیاست کی ہےاوریہی ان کاتجربہ ہے۔