• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ساہیوال کے لواحقین کو مطمئن کیا جائے گا،افتخار درانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہاہے کہ لورالائی میں پولیس افسر کے ہاتھوں استاد کا قتل افسوسناک ہے، سانحہ ساہیوال میں انصاف ہوگا اور مقتولین کے لواحقین کو مطمئن کیا جائے گا، پچھلے دس سال معیشت اور گورننس کیلئے تاریک ترین ادوار تھے، دوست ممالک کی مدد کے بعد اب اپنی شرائط پر آئی ایم ایف سے قرض لے سکتے ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ اور پیپلز پارٹی کی رہنما سسی پلیجو بھی شریک تھیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لورالائی میں ایس پی کا استاد کو قتل کرنا اس کا انفرادی فعل ہے، حکومتی ارکان پارلیمنٹ میں ڈاکو چور کی آوازیں لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، اپوزیشن نے جواب دینا شروع کیا تو اب ایتھکس کمیٹی بن رہی ہے، حکومت سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن نہیں بنائے گی۔سسی پلیجو نے کہا کہ دھرنا دینے پر پولیس افسر کے ہاتھوں استاد کا قتل انسانی حقوق کی بدترین خلا ف ورزی ہے، شیخ رشید اس سطح کے سیاستدان نہیں کہ ان کی بات پر تبصرہ کیا جائے،حکومت کو مدت پوری کرنے کا حق ہے لیکن عوام فیصلہ کرلیں تو نئے انتخابات کا مطالبہ آسکتا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کے بعد لورالائی میں پولیس افسر کے ہاتھوں استاد کا قتل افسوسناک ہے، اس کا مقدمہ درج ہو کر ذمہ داروں کو انجام تک پہنچانا چاہئے، امریکا نے اسامہ بن لادن کو مارا لیکن اس کے بیوی بچوں کو کچھ نہیں کہا تھا، وفاقی حکومت زاہد محمود کے اغوا کے معاملہ پر فورسز سے فیملی کی مدد کرنے کیلئے کہے گی۔افتخار درانی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے بینظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کیخلاف کیا کچھ نہیں کہا اب ہم پر تنقید کرتے ہیں، سپریم کورٹ فیصلہ دے چکی ہے نواز شریف صادق اور امین نہیں تو انہیں وہی کہیں گے جو ہم کہہ رہے ہیں، سانحہ ساہیوال میں انصاف ہوگا اور مقتولین کے لواحقین کو مطمئن کیا جائے گا، زخمی بچوں کی عیادت کیلئے وزیراعلیٰ خود گلدستہ لے کر نہیں گئے تھے، جو صاحب گلدستہ لے کر گئے تھے انہوں نے اچھا نہیں کیا۔افتخار درانی نے کہا کہ پچھلے دس سال معیشت اور گورننس کیلئے تاریک ترین ادوار تھے، دوست ممالک کی مدد کے بعد اب اپنی شرائط پر آئی ایم ایف سے قرض لے سکتے ہیں، صحت کارڈ کے ذریعہ ہر خاندان کا 7لاکھ 20ہزار روپے کا علاج بہترین سرکاری و نجی اسپتالوں میں کیا جائے گا، اس صحت کارڈ میں آرٹسٹوں اور صحافیوں کو بھی شامل کیا ہوا ہے، ٹی وی چینل کے لائسنس پر لکھا ہوتا ہے کہ ایئر ٹائم کا 10فیصد پبلک سروس میسیج کیلئے دیں گے ، میڈیا نے ڈیم فنڈ کے اشتہارات کیلئے جو ٹائم دیا وہ پبلک سروس میسیج تھا۔ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لورالائی میں ایس پی کا استاد کو قتل کرنا اس کا انفرادی فعل ہے، عمران خان جب سے کنٹینر پر چڑھے ملک میں افراتفری اور انتشار چلتا آرہا ہے، نیوروسرجن پانچ کروڑ روپے تاوان دے کر رہا ہوا یہ ریاست ، حکومت سمیت اپوزیشن سب کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے، میڈیا کو روکا جارہا ہے کہ یہ خبر دوبارہ نشر نہ کی جائے، حکومتی ارکان پارلیمنٹ میں ڈاکو چور کی آوازیں لگانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، اپوزیشن نے جواب دینا شروع کیا تو اب ایتھکس کمیٹی بن رہی ہے، حد تو یہ ہے کہ شیخ رشید بھی ایتھکس کمیٹی کے ممبر ہیں، اسمبلی میں پہلے دن احتجاج کیا تاکہ وزیراعظم کو بھی کچھ مزہ آئے۔
تازہ ترین