• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسائل کی جنگ ہے دوسرا بنگلہ دیش نہیں بننے دینگے، آصف زرداری

ٹنڈوآدم ( نامہ نگار) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے بھی ہم انکے ہاتھوں میں کھیل گئے اسلئے بنگلہ دیش بن گیا لیکن اب دوسرا بنگلہ دیش نہیں بننے دینگے، یہ بیوقوف ہیں، انکی ٹانگیں ویسے ہی ڈگمگا جاتی ہیں، مخالفین کے ساتھ پاکستان کے وسائل کی جنگ لڑ رہے ہیں، اپنے حق کیلئے لڑیں گے، ہمیں کوئی نہیں روک سکتا،یہ جنگ سندھ کی نہیں بلکہ پورے ملک کی ہے اور اس جنگ میں ہمارے ساتھ پشتون، بلوچی اور پنجاب ہمارے ساتھ ہے، ان کا ڈھونگ نظر آرہا یہ 18ویں ترمیم پر ڈاکہ ہے، وفاق پہلے ہماری جامعات لے گیا، اب ایوی ایشن کا ہیڈکوارٹر بھی لےجایاجا رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو آدم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر امام الدین شوقین کی جانب سے منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ کا کنہا ہے کہ کرپشن عمران خان کو خاندانی طور پر ورثے میں ملی ہے، جو خود چندے اور چوری سے گذارا کرتا ہو عوام کو کیا دے گا۔ آصف علی زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا، مذاکرات کے ذریعے پاکستان حاصل کیا گیا، اب کوئی نیا بنگلہ دیش نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا جھگڑا مجھ سے صرف 18 ویں آئینی ترمیم پر ڈاکہ مارنے کیلئے ہے وہ کراچی سے سول ایوی ایشن کا مرکز ختم کر کے اسلام آباد لے جا رہے ہیں تاکہ نئے دفاتر بناکر کمیشن کمایا جائے سول ایوی ایشن کا مرکز ختم ہو نے سے یہاں کے لوگوں کی نوکریاں بھی ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بے وقوف ہیں اور انہیں ملک چلانا نہیں آ رہا ہے ہم نے بھی ملک چلایا بجٹ پیش کئے اور ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کیا ہماری سوچ عوامی ہے۔ آصف علی ذرادری نےسندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان وزیر اعلیٰ بہترین کام کر رہا ہے۔ انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ دل کا کنجوس ہے کیونکہ یہ بینکر ہے ان سے جب بھی پیسے مانگتے ہیں تو یہ کہتے ہیں کہ فی الحال پیسے نہیں ہیں۔ آصف زرداری نے جوہر آباد ریلوے انڈر پاس تعمیر کا اعلان کیا۔ قبل ازیں آصف علی ذرادری نے سینیٹر امام الدین شوقین کی جانب سے قائم کئے گئے سلیمان روشن میڈیکل کالج کا افتتاح کیا۔ آصف زرداری کو کالج کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کی بجلی ، گیس اور پانی بند کیا ہے اور سندھ کو اس کا حق نہیں دیا جا رہا ہے ہماری گیس فروخت کرکے پیسہ کمایا جا رہا ہے میں سند ھ کا مقدمہ لڑوں گا اور وفاقی حکومت سے سندھ کا حق لیں گے۔ سینیٹر امام الدین شوقین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آصف علی ذرداری اور بلاول بھٹو کی مہربانی سے پارٹی میں شمولیت کے ساتھ ہی مجھے سینیٹر بنایا گیا اور اب ضلع سانگھڑ کی پیٹرلیم کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے میں ضلع سانگھڑ کی ترقی کیلئے آئے ہوئے پیسے کو ایمانداری سے خرچ کروں گا۔ امام الدین شوقین نے کہا کہ ٹنڈوآدم جوہر آباد پھاٹک پر انڈر پاس، بیگم رانا لیاقت علی خان گرلز ہائی اسکول کا اپ گریڈ کر کے گرلز کالج کا درجہ دیا جائے، کھیلوں کیلئے اسٹیڈیم تعمیر کروایا جائے، ٹنڈوآدم تعلقہ اسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے،جوہر آباد میں ایک اسپتال قائم کرنے سمیت دیگر مطالبات پیش کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا،سینیٹر اسلام الدین شیخ ، ایم این اے نعمان اسلام شیخ ، ایم این اے شازیہ مری، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ ، امتیاز شیخ، ایم پی اے جام مدد علی، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم مسرور احسن غوری و دیگر بھی موجود تھے ۔دوسری جانب این این آئی کے مطابق ہفتہ کو وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کٹھ پتلی طوطا کہانیوں سے عوام کو مزید گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ آصف زرداری پر الزام تراشی کرنے والوں کو ہمیشہ شرمندگی نصیب ہوئی ہے۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ لندن اور سوئس عدالتوں میں آصف زرداری پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان اپنی بہن سمیت چندے کے پیسے چوری کرنے میں پکڑے گئے ہیں۔

تازہ ترین