• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مسائل حل ہوئے بنا ملک ترقی نہیں کرسکتا،وسیم اختر

کراچی( اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق شہریوں کے زیادہ تر بنیادی مسائل کے حل سے میئر کراچی کا تعلق ہی نہیں رہا ڈی ایم سی یا حکومت سندھ اس کی ذمہ دار ہے۔ کوئی اگر یہ سمجھتا ہے کہ وفاقی یا صوبائی حکومت شہر کے بنیادی مسائل حل کر سکتی ہے تو یہ ممکن نہیں، تاجر اور صنعت کار سیالکوٹ کے تاجروں کی طرح اپنے مسائل کے حل پر خود توجہ دیں،جب تک کراچی کے شہری ادارے اور وسائل میئر کراچی کے ماتحت اور ایک چھتری کے نیچے نہیں ہوں گے شہر کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ کراچی کے مسائل حل ہوئے بنا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے صنعت کار ملک کو جو دے رہے ہیں اس کے مقابلے میں اس علاقے کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی گئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کاٹی کے صدر محمد دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمن، لوکل گورنمنٹ کمیٹی کے چیئرمین زبیر چھایا، گلزار فیروز ، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز کے ایم سی ایس ایم طحہ کے علاوہ معروف تاجر اور صنعتکار بھی موجود تھے۔

تازہ ترین