• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بحریہ کی مشقیں خطے کو مزید پر امن اور محفوظ بنائینگی، صدر علوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے زیر اہتمام ہونے والی کثیرالملکی میری ٹائم مشق شمالی بحیرہ عرب میں بحری حربی تدبیروں اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی،مشق میں 46 ممالک کے بحری اثاثوں بشمول جنگی بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، اسپیشل آپریشنز فورسزاور مندوبین نے ”امن کے لیے متحد“ کے عزم کے تحت حصہ لیا۔ شمالی بحیرہ عرب میں مشق کے اختتامی سمندری فیز کے دوران انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے مہمان ِ خصوصی صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ مشق میری ٹائم شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں سے خطے کو مزید پر امن اور محفوظ بنائے گی۔پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک بحریہ کے سینئر افسران نے صدر مملکت کا استقبال کیا،اس موقع پر وزیر دفاع، وزیر برائے دفاعی پیداوار، وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی،چیف آف آرمی اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ سفیروں، اعلیٰ عسکری حکام، مختلف ممالک کے دفاعی و نیول اتاشیوں اور اعلیٰ حکام بھی انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے موقع پر موجود تھے۔مہمانِ خصوصی نے مختلف آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ لیا جن میں سطح سمندر سے مقررہ اہداف کو نشانہ بنانے کی فائرنگ اور سمندر میں ایک جہاز سے دوسرے جہاز کو تیل کی فراہمی اورمختلف بحری جنگی تدابیر کا مظاہرہ شامل تھا۔ فلیٹ ریویو کے دوران مشق میں شریک ممالک کے ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کی جانب سے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔سمندری فیز میں ہاربر فیزکے دوران حتمی شکل پانے والی آپریشنل سرگرمیوں اور منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا جبکہ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو سمند ر ی فیز کا حصہ تھا۔
تازہ ترین