راچڈیل (ہارون مرزا) پاکستان کی حکومت سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے ، ہم یہ مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہیں کیونکہ ساہیوال اور برطانیہ کے شہر راچڈیل جڑواں شہر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار میر راچڈیل محمدزمان کی صدارت میں ہونے والے ساہیوال اور راچڈیل جنرل کونسل پارٹی کے 30سال مکمل ہونے پر جنرل میٹنگ کے شرکاء نے کیا ساہیوال ورکنگ پارٹی کے 30سال مکمل ہونے پر جنرل میٹنگ راچڈیل ٹاؤن ہال میں منعقد ہوئی جس میں کونسلر فلک شیر فادر کونسلر سلطان غلام رسول رضیہ شمیم حافظ عبدالمالک حافظ مدثر دیگر ممبران نے شرکت کی اور ساہیوال ورکنگ پارٹی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا- یاد رہے ساہیوال ورکنگ پارٹی کے زیر اہتمام اب تک پاکستان میں 21 پراجیکٹ جن میں فری آئی کیمپ، پولیس ٹریننگ ، میڈیسن جیسے پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا چکا ہے - سالانہ جنرل میٹنگ میں وفد کے دورہ ساہیوال کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور پارٹی میں الیکشن کے حوالے سے نئے ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا - یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ پاکستان کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں ، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا کسی بھی ترقی یافتہ ملک میں قانون پر مکمل عمل درآمد کرانا اشد ضروری ہے یہ امرقابل ذکر ہے کہ راچڈیل اور ساہیوال جڑواں شہر ہیں ۔