• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان دنوں بلٹ اِن وارڈروب (دیوار میں نصب الماریوں) کاٹرینڈ خاصا مقبول ہے۔ گھر چھوٹا ہو یا بڑا ، اس کی تعمیر کےوقت دیوار میں الماریاں بنوانے پر زور دیا جارہا ہے۔ یہ الماریاں گھر کے مختلف حصو ں کو کشادہ دکھانے اور زیادہ سے زیادہ اشیامحفوظ کرنے کے لئے دیواروں میںبنوائی جاتی ہیں۔ حجم میں بڑی ہونے کی وجہ سے یہ عام الماریوں سے3گنا زیادہ اسٹوریج فراہم کرتی ہیں۔ بلٹ اِن وارڈروب کی طرح بلٹ اِن یونٹ بھی نہ صرف کمرے میں بلکہ گھر کے ہر حصے میں زیادہ اشیا ذخیرہ کر نے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ بلٹ اِن یونٹ کی افادیت کے پیشِ نظر آج ہم لیونگ روم، ڈرائنگ روم، کچن اور گھر کے دیگر حصوں میں بلٹ اِن یونٹ بنانے پر بات کریں گے۔ یہ بلٹ اِن یونٹ آپ کہاں اور کیسے بنواسکتے ہیں، آئیے اس پر بات کرتے ہیں۔

بلٹ اِن لائبریری یونٹ

جس گھر کے مکین کتابوں کے شیدائی ہوں، وہاں لائبریری یونٹ کسی نہ کسی صورت لازمی تعمیر کروائے جاتے ہیں۔ جب کتابوں کی تعدادزیادہ ہو اور ان کا انتظام مقصود ہوتوبلٹ اِن لائبریری یونٹ سے بہتر بھلا کیا ہوسکتا ہے۔ بلٹ اِن لائبریری یونٹ مختلف جگہوں پر مختلف طریقوں سے تعمیر کروائے جاسکتے ہیں مثلاً مرکزی دیوار کے چاروں اطراف بلٹ اِن لائبریری یونٹ بنوانے کا ٹرینڈ خاصا مقبول ہے۔ یہ یونٹ فرش سے چھت تک لمبائی میں بنائے جاتے ہیں،جو ایک نئی تخلیقی سوچ کے ساتھ نفیس طرزِ انداز اور فنکارانہ مہارت کا اظہار کرتے ہیں۔ اسی طرح سیڑھیو ں کے نچلے حصے میں بھی کتابوں کے لیے خوبصورت اور اسٹائلش یونٹ بنوایا جاسکتا ہے۔ کھڑکی والی دیوار بھی بلٹ اِن لائبریری یونٹ کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہے، یہ ٹرینڈ ان دنوں خاصا مقبول ہے۔ کھڑکی کے نچلے حصہ میں بیٹھنے کے لیے جگہ مختص کرنے کے بجائے اس میں تین سے چار تختے لگا کر کتابیں رکھنے کے لیے خوبصورت جگہ حاصل کی جاسکتی ہے۔

ڈسپلے یونٹ

گھر کے داخلی حصے اور اس کی اہمیت سے متعلق ہم اپنے مضامین کے ذریعے قارئین کو آگاہ کرتے رہتے ہیں۔ اس حصے کو مزید پر کشش بنانے کے لیےڈسپلے یونٹ کے طور پر ایک کم چوڑائی والا بلٹ اِن یونٹ بنوایا جاتا ہے، جس کی تعمیر کے بعد اس یونٹ کو بڑی مہارت اور خوبصورتی کے ساتھ آرائشی اشیا سے سجاکر اس حصے کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاتا ہے۔

بلٹ اِن ٹی وی یونٹ

لیونگ روم کے لیےٹی وی یونٹ بنوانے کا ٹرینڈ نیا نہیںبلکہ خاصا پرانا ہے۔ اکثر گھروں میں مختلف اسٹائل کے ٹی وی یونٹ رکھےجاتے ہیں لیکن اگر بلٹ اِن یونٹ کی تعمیر یہاں رکھے جانے والے سامان کو مدِ نظر رکھ کر کروائی جائے تو یہ آئیڈیا آپ کے لیونگ روم کو بہترین انداز فراہم کرے گا۔ آپ کا لیونگ روم بڑا ہو یا چھوٹا، آپ اس کی مرکزی دیوار کو ٹی وی یو نٹ کے لیے منتخب کریں، چونکہ ان دنوں ٹی وی کے بجائے ایل ای ڈی کا دور ہے تو اس کی پیمائش سے تھوڑے بڑے سائز کابلٹ اِن یونٹ بنوائیں، ساتھ ہی دیوار کی دائیں طرف تین بلٹ اِن خانوں کی تعمیر کروائیں۔ یہ لاکرز نما خانے ایک طرف جہاں اسٹوریج کا مکمل سامان فراہم کریں گے، وہیںآپ کے لیونگ روم کو ایک نئے رجحان سے بھی آراستہ کریں گے۔

اسٹڈی روم اور بلٹ اِن یونٹ

اسٹڈی روم میں بلٹ اِن یونٹ بنوانے کے لیے پوری دیوار پر تعمیر کے بجائے آدھی دیوار پر تعمیر کے ذریعے بھی کمرے کو بہتر انداز دیا جاسکتا ہے۔ چھوٹی فیملی والے افراد آدھی دیوار پر بلٹ اِن یونٹ تعمیر کرواکر دیوار کے بقیہ حصے کو اسٹڈی ٹیبل کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے لئے دیوار پردو سے تین شیلف لگاکر کچھ حصے کو سجاوٹ اور کچھ حصے کو اسٹڈی ٹیبل کے طور پر استعمال کے قابل بنایا جاسکتا ہے ۔

بالکنی بلٹ اِن یونٹ

کہیں آپ بھی تو یہ نہیں سوچ رہے کہ بھلا بالکنی میں بلٹ اِن یونٹ کا کیا کام! بالکنی بلٹ اِن یونٹ آپ کو ورٹیکل گارڈننگ کا خوبصورت حل پیش کرتا ہے۔ بالکنی کی دیوار پر تھوڑا چوڑا اور اُونچا یونٹ تعمیر کروائیں یا پھر دوسری صورت میں عمودی طرز پرخانے اور شیلف بھی بنوائے جاسکتے ہیں۔ ان بلٹ اِن شیلف میں آپ کارنر یا ریلنگ سے زیادہ پھول اور پودے رکھ سکتے ہیں۔ دوسری صورت میں لوہے سے تیار کیا گیا اسٹینڈ لگا کر اس پر پودے لٹکائے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ پودوں میں اضافہ چاہتے ہیں تو بڑے گملوں کے بجائےچھوٹے گملے، گلدان یا کنارے پر بنی چھوٹی چھوٹی کیاریاں استعمال کریں۔

تازہ ترین