پاکستان سپر لیگ فور کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو میچ جیتنے کے لئے156رنز کا ہدف دیا ہے۔
دبئی میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کی لیکن اوپنرز اچھا آغاز نہ دے سکے، صرف 13رنز پر فلیچر ایک رن بناکر محمد عرفان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود کامران اکمل اور صہیب مقصود نے دباؤ میں آئے بغیرکھل کر بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں قیمتی 64رنز کا اضافہ کیا۔
کامران اکمل 36گیندوں پر 49رنز بناکر محمد نواز کو وکٹ دے بیٹھے، ان کی اننگز میں 3چھکے اور 5چوکے شامل تھے۔
صہیب مقصود نے 90 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ لی، کائرون پولارڈ محمد نواز کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر عمر اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ صرف تین رنز ہی بناسکے۔
مصباح الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 32 گیندوں پر2 چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ڈاؤسن 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طر ف سے محمد نواز نے دو، جبکہ محمد عرفان جونیئر اور غلام مدثر نے ایک، ایک وکٹ لی۔