• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

11 سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس کے دروازے کھل گئے، انڈر 14 اینڈ سپر سیریز کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ نیوز ڈیسک) پاکستان میں 11سال بعد انٹرنیشنل ٹینس کے دروازے کھل گئے۔ اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14 اینڈ سپر سیریز کا آغاز اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلکس میں ہوگیا۔ انڈر 14 اینڈ سپر سیریز ٹینس میں تین غیرملکی کھلاڑیوں منگل کی صبح ایکشن میں نظر آئیں گے۔ایشین ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو لگاتار دو بین الاقوامی مقابلے منعقد کرانے کی ذمہ داری دی ہے۔ اِس سے قبل انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے منعقد کرانے پر پابندی عائد تھی جس کی وجہ سے ڈیوس کپ اور دیگر عالمی مقابلے بیرونِ ملک منعقد کرائے گئے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیراہتمام ہونے والی چیمپئن شپ کیلئےکھلاڑیوں کی سیڈنگ کا اعلان بھی کیا گیا۔ پاکستانی کھلاڑی حذیفہ عبدالرحیم ٹاپ سیڈ جبکہ حمزہ بن رحمان سیکنڈ اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے محمد سعید نمبر تین سیڈ اور سری لنکا کے یانشکے کورے نمبر چار سیڈ ہوں گے۔ چیمپئن شپ کے ابتدائی روز کوالفیائنگ رائونڈ کا ایک میچ کھیلا گیا جس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے سمیر احمد نے اسلام آباد کے ایم رحیم کو باآسانی 6-0 اور 6-1 سے شکست دیدی۔ تین غیرملکی کھلاڑیوں میں سری لنکا کے یانشکے کورے، انگلینڈ کے محمد سعید اور ملائیشیا کے وائی شین وی شامل ہیں جن کھلاڑیوں کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے ان میں سمیر احمد لاہور، عبدالصمد آریجو کراچی، نعلین عباس، سبحان بن سالک اسلام آباد اور ملائشیا کے وائی شین وی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منگل کو ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن سلیم سیف اللہ ہوں گے۔ اس ضمن میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی کے مطابق ایشین ٹینس فیڈریشن کے تحت کرائی جانی والی حالیہ چیمپئن شپ پاکستان میں ہر طرح کے ٹینس مقابلوں کے انعقاد کی راہ ہموار کرے گی۔لڑکوں کے مقابلوں میں تین غیر ملکیوں سمیت کل 14 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ لڑکیوں کی چیمپئن شپ میں چھ پاکستانی لڑکیاں شرکت کررہی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے ملائیشیا کے ایک ٹینس پلیئر وی یی شن اپنی والدہ اور کوچ کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ ایک برطانوی اور سری لنکن صبح ہی چیمپئن شپ میں حصہ لینے پہنچے ہیں۔ تاہم کوئی خاتون کھلاڑی تاحال نہیں پہنچی ہیں۔مقابلوں کی پہلی لیگ پاکستان ٹینس فیڈریشن جبکہ دوسری لیگ اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن منعقد کرے گی جس کی امپائرنگ آئی ٹی ایف کے وائٹ بیج امپائر عارف قریشی اور شہزاد اختر علوی کریں گے۔
تازہ ترین