• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ولی عہد کادورہ، اپوزیشن کو مدعو نہ کرناافسوسناک ہے ، قمر زماں کائرہ

 لالہ موسیٰ ( نامہ نگارسے) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے دورہ پرتشریف لارہے ہیں ۔ پوری قوم انہیں خوش آمدید کہتی ہے۔تاہم حکومت کا ایک فیصلہ تکلیف دہ ہے ، جو مہمان کے بھی شایان شان نہیں کہ حکمرانوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مدعو نہیں کیا۔ یہ افسوسناک امرہے اور حکمرانوں کی ذہنی ساخت کی غماضی کرتا ہے۔ ہماری سیاسی لڑائیاں اوراختلاف اپنی جگہ تاہم اگر ساری جماعتیں ملکر معزز مہمان کو خوش آمدید کہتیں تو ناصرف مہمان کی عزت افزائی زیادہ ہوتی بلکہ ایک اتحاد کا تاثر ابھرتا۔ ڈیرہ کائرہ پرایک نجی سکول کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنماء نے کہا کہ جو سرمایہ کاری سعودی لا رہے ہیں وہ یہ کسی اچانک فیصلے کا نتیجہ نہیں۔ بلکہ سالوں کا سفر ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری آئے اورپاکستان کے اندر لوگوں میں اعتماد پیدا ہو اور وہ پاکستان کی تعمیر نو میں کردار ادا کریں۔ قمر زماں کائرہ نے کہا کہ نیب کی کارروائیوں پر سب کو اعتراض ہے۔ اس کے قوانین میں بہتری ہونی چاہیے ۔یقینا قومی دولت لوٹنے کا کسی کو بھی حق نہیں لیکن نظام ایسا ہو جو سب کے لیے ایک ہواوراس میں ایسے لوگ ہوں جو اعلیٰ کردار کے ہوں۔ نیب میں اصلاحات کی ضرورت ہےاور ایک ایسا قانون بنانے کی ضرورت ہے کہ یہ ادارہ بلاامتیاز سب کا احتساب کرے، اگر کسی پر ہاتھ ڈالنا ہو تو اتنے مضبوط ثبوت کے ساتھ ڈالیں کہ ماضی کی طرح لوگوں کی پگڑیاں نہ اچھالی جائیں ۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف نام کو ہی جیل میں تھے بلکہ جس طرح وہ جیل کا عرصہ گزار رہے تھے وہی بات حکمرانوں کو برداشت نہیں ہورہی تھی۔ سو اس سے لوگوں کو کچھ شائبہ ہے کہ جب میاں صاحب پر کچھ مشکل وقت آیا تو سعودی عرب نے اس میں اپنا ایک کردار ادا کیا۔ میاں صاحب کو یہاں سے نکال کر پناہ دی۔ اب پرنس کی آمد سے پہلے یوں لگ رہا ہے کہ کچھ ریلیف ملا ہے ، ہوسکتا ہے کہ یہ بالکل قانون کے مطابق ہی ہو۔ اس لیے لوگوں کے کچھ کان کھڑے ہوئے ہیں اور لوگ شک کا اظہار کررہے ہیں ۔ لیکن بہرحال ایسی مثالیں موجود ہیں۔
تازہ ترین