جھنگ ( نمائندہ جنگ )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے پیپلز پارٹی،مسلم لیگ اور مشرف کے حواریوں پر مشتمل پی ٹی آئی کی حکومت نے چھ ماہ میں غریبوں کے لئے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔ بجلی، ادویات، گیس ،کھاد اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا لیکن اسمبلیوں اورسینٹ پر اربوں روپے خرچ کرنے والے حکمرانوں نے عوام کو ریلیف کیلئے ایک قانون بھی نہیں بنایا۔ عہد توڑنے اور یوٹرن لینے والا مسلمانوں کا حکمران نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مودی اور بھارتی آرمی چیف کو خبردار کیا ہے کہ یہ 65ء یا 71ء والا پاکستان نہیں رہا، کوئی غلطی کی تو تباہی و بربادی بھارت کا مقدر ہوگی۔ پاکستانی بچہ بچہ چلتا پھرتا ایٹم بم ہے۔ پاکستانی قوم سلطان محمود غزنوی، احمد شاہ ابدالی اورصلاح الدین ایوبی کی تاریخ دہرانے کیلئے تیار ہے۔ بھارتی فوج کے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا عالمی برادری نوٹس لے۔ پاکستانی حکمرانوں کو بھی بھارت سے اسی کی زبان میں بات کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار امیر جما عت اسلامی سراج الحق نےجھنگ میں رابطہ عوام مہم، ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا افغانستان میں ہار کا الزام پاکستان پر لگانے والا امریکہ آج افغان طالبان سے مذاکرات کرنے پر اتر آیا ہے اور ان مذاکرات کی میزبانی کے لئے سعودی عرب ،چین ،فر ا نس ،روس اور برطانیہ خواہش مند ہیں جس سے ثابت ہو گیاکہ ایمان جیت گیا اورامریکہ ہار گیا۔