• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفہرست، اسلام آباد کی بری حالت

دبئی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ فور میں ابتدائی چار دن ایکشن سے بھرپور کرکٹ کے بعد اب دو دن کا آرام ہے اور بدھ سے ٹورنامنٹ کے مقابلے دوسرے سینٹر شارجہ اسٹیڈیم منتقل ہوجائیں گے۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی مہم ابتدا ہی سے مشکلات سے دوچار ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر برتری لیے ہوئے ہے۔ دبئی میں پہلے چار دن سات میچ ہوئے ان میچوں میں کرکٹ میں زور کا ٹاکرا رہا لیکن افتتاحی تقریب کے علاوہ تماشائیوں کی تعداد مایوس کن رہی۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں میچ جیت کر ٹاپ پر ہے۔ کوئٹہ کی جیت میں عمر اکمل 75اور44 رنز بناکر شہ سرخیوں میں ہیں جبکہ احمد شہزاد نے پہلے میچ میں صفر اور دوسرے میچ میں دو رنز بنائے۔ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز نے دو میں سے ایک ایک میچ جیتا ہے اور ایک ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین میں سے دو میچوں میں شکست ہوئی ہے اس نے واحد کامیابی لاہور کے خلاف حاصل کی ہے۔ کراچی کنگز نے دو میں سے ایک میچ جیتا اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے۔ امکان ہے کہ شارجہ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود ہوگی۔ پی ایس ایل کی سب سے فیورٹ ٹیم لاہور قلندرز ٹورنامنٹ میں مسلسل خبروں میں ہے۔افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن دوسرے میچ میں اس نے کراچی کنگز کو 22رنز سے شکست دی۔ اس کامیابی کے24 گھنٹے بعد لاہور قلندرز ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے کم ترین اسکور پر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پشاور زلمی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ لاہور قلندرز کے کارلوس بریتھ ویٹ ویسٹ انڈین ٹیم کو جوائن کرنے کے لئے جاچکے ہیں۔ کورے اینڈرسن نے ابھی ٹیم کو جوائن نہیں کیا ہے ۔ کپتان محمد حفیظ انجری کے باعث لیگ سے باہر ہوچکے ہیں۔ لاہور کے منیجررانا ثمین کا کہنا ہے محمد حفیظ کے بارے میں رپورٹس اچھی نہیں ہیں۔ تاہم ہمارے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ22فروری کو اگلے میچ سے قبل ہمیں کورے اینڈرسن سمیت تین غیر ملکی کھلاڑی جوائن کر لیں گے۔

تازہ ترین