• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوربن کی بریگزٹ اینٹی سیمیٹزم اپروچ کیخلاف 7 لیبر ایم پیز نے پارٹی چھوڑ دی

لندن (پی اے ) لیبر پارٹی کے سات ایم پیز نے پارٹی لیڈر جیرمی کوربن کی اینٹی سیمیٹزم اور بریگزٹ کے بارے میں اپروچ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پارٹی رکنیت سے استعفی دے دیا۔ مستعفی ہونے والے ایم پیز میں چوکا امونا، لوسیانا برجر، کرس لیزلی، اینجیلا سمتھ، مائیک گیپز، گیون شوکر اور این کوفی شامل ہیں۔ لوسیانا برجر ایم پی کا کہنا ہے کہ اینٹی سیمیٹزم ادارہ جاتی بن چکی ہے اور لیبر پارٹی کے سربراہ اینٹی سیمیٹزم کے بارے میں اقدامات کرنے میں ناکام رہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال پر وہ انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں اور پارٹی میں مزید رکنا ان کیلئے شرمناک ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ2017کے عام انتخابات میں لاکھوں افراد نے جن پالیسیز کیلئے لیبر پارٹی کو ووٹ دیا تھا کوربن کی قیادت میں ان پالیسیز پر کام جاری رکھنا ایم پیز کیلئے مشکل تر بلکہ ناممکن ہو رہا ہے۔ ہم مستعفی ہونے والے ایم پیز پارلیمنٹ میں انڈی پینڈنٹ ایم پیز کے طور پر بیٹھیں گے۔ ہم کوئی نئی پارٹی نہیں بنا رہے۔ چوکا امونا نے کہا کہ ہم نے ابھی پہلاقدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے لیبر ایم پیز اور پارلیمنٹ میں دوسری پارٹیز کے ارکان سے کہا کہ وہ بھی ہمارے ساتھ آئیں اورنئی سیاست کا آغاز کریں انہوں نے کہا کہ یہ سیاست ختم ہو رہی ہے اور اس اندازمیں مزید جاری نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے دیگر ایم پیز سے اپیل کی کہ آئیں اور ہم مل کر سیاست کا رخ تبدیل کریں سنٹرل لندن میں ایک ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لیبرل ڈیمرکریٹس کے ساتھ کوئی انضمام نہیں ہوگا اور ہمارا گروپ نیا متبادل چاہتا ہے۔ کرس لیزلی نے کہا کہ سات مستعقی ارکان کی پہلی باقاعدہ میٹنگ چند روز میں ہوگی۔ جس میں ارکان کے کردار اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا۔ اس گروپ نے ایس ڈی پی سے اپنے موازنے کو مسترد کر دیا جو کہ 1980 کے اوائل میں لیبر پارٹی سے الگ ہوا تھا اور بھر لبرل ڈیموکریٹس میں شامل ہو گیا تھا۔ مس برجر نے کہا کہ ہم سب نے لیبر پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ مشکل اور تکلیف دہ فیصلہ تھا لیکن موجودہ صورت حال میں ایسا کرنا ہمارے لیے ضروری تھا۔ ہم سات ارکان ملک کے مختلف حصوں سے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تاہم یکساں اقدار شیئر کرتے ہیں۔ اب ہم پارلیمنٹ میں نئے انڈی پینڈنٹ گروپ کی حیثیت سے بیٹھیں گے۔ کرس لیزلی نے کہا کہ لیبر پارٹی کو فارلیفٹ نے ہائی جیک کر لیا ہے۔ مائیک گیپز نے کہا کہ لیبر پارٹی اب اینٹی سیمیٹک اور نسل پرست پارٹی بن گئی ہے جس کے ساتھ چلنا ممکن نہیں ہے۔علاوہ ازیں یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ کوربن کی زیر قیادت سرکردہ لیبر شخصیات بریگزٹ کو نہیں روکنا چاہتی ہیں۔ ایم پیز کا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد اور والنٹئیرز باہر نکل کر پارٹی کیلئے کمپین چلاتے رہے۔ یو کے آئی پی کے سابق لیڈر نائیجل فراج نے کہا کہ فی الوقت یہ کوئی اچھی چیز نہیں لگ رہی لیکن یہ برطانوی سیاست میں کسی بڑی تبدیلی کیلئے آغاز ہے۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ انہیں لیبر پارٹی کے سات ارکان کے مستعفی ہونے سے شدید دھچکہ لگا ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی اینٹی سیمیٹزم ایشو سے موثر انداز میں نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ یہ تمام ایم پیز میرے دوست ہیں انہوں نے اشتعال انگیز بریگزٹ کا مورد الزام کنزرویٹیو کو ٹھہرایا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ایسے ارکان موجود ہیں جو واضح طور پر اینٹی سیمیٹزم رویہ اور خیالات رکھتے ہیں۔ اس پر پارٹی کو سرعت سے اقدام کرنا چاہئے تھا جس میں اس نے سستی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی لیبر پارٹی میں تقسیم ہو تی ہے تو کنزرویٹیو اگلا اور پھر اس سے اگلا الیکشن جیت جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تقسیم سے پارٹی کیلئے مشکلات بڑھیں گی۔

تازہ ترین