• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی مقبوضہ کشیر کی صورتحال پر بریفنگ، زیادتیوں سے آگاہ کیا، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور، مشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ مکمل ہونے کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستا ن اور سعودی عرب نے اتفاق کیا ہے کہ خطے میں تنازعات کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہے جبکہ سعودی عرب نے پاکستان میں 20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش اورکرتار پور راہداری کھولنا خوش آئند اقدام ہے ۔ اعلامیہ میں کہاگیا کہ پاکستانی اورسعودی حکام نے اتفاق کیا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لیے بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی جبکہ وزیر اعظم نے ولی عہد کو علاقائی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور زیادتیوں سے آگاہ کیا۔ اعلامیہ میں کہاگیا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قرارد اد و ں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ اعلامیہ میں کہاگیا کہ پاکستان اور سعودی کا علاقائی، عالمی امن و سلامتی کے امور پر یکساں موقف کا اظہار کیا ۔ دہشت گردی، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز، بین المذاہب ہم آہنگی پر بھی یکساں موقف کا اظہار کیا گیا۔مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیاکہ وزیراعظم نے سعودی جیلوں سے 2107 پاکستانیوں کی رہائی پر ولی عہد سے اظہار تشکر کیا،اعلامیہ میں کہاگیا کہ مستقبل کی سیاسی، سفارتی، اقتصادی سمت کا تعین کرنے کیلئے ادارہ جاتی ڈھانچہ قائم ہے‘سپریم کوآرڈینیشن کونسل کا قیام دوطرفہ تعلقات میں نئی بلندیوں کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

تازہ ترین