• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز)پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے موجودہ صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکیوں کے تناظر میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت تحقیقات کے بغیر پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا کر اپنے داخلی مقاصد کے تحت پاکستان دشمن بیانات سے خطے کا ماحول کشیدہ بنا رہا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئٹریش اورسلامتی کونسل کے ارکان کے نام اپنے مکتوب میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی دی جو سنگین غلطی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کی فوری مداخلت ضروری ہے،بھارت کے مطابق حملہ آور کشمیری تھا لیکن اس کے باوجود بھارت نے الزام پاکستان پر لگایا۔ دریں اثناءوزیر خارجہ نے بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود سے ملاقات کی اوران سے پلوامہ ایشو پر، بھارت کی طرف سے پاکستان پر لگائے جانے والے بے جا الزامات اور خطے کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان، خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے اور بد امنی اور ہیجان انگیزی کسی کے مفاد میں نہیں۔

تازہ ترین