• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نندی پور تاخیر، بابر اعوان کی بریت درخواست پر فیصلہ مؤخر

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پور پاور پروجیکٹ میں تاخیر کے ریفرنس میں پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ مؤخر کر دیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کہا ہے کہ آج فیصلہ نہیں سنایا جائے گا، ابھی ریکارڈ کا جائزہ لینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو طے شدہ بات ہے کہ پراجیکٹ میں تاخیر ہوئی، کیا تاخیر وزارت قانون کی وجہ سے ہوئی؟ یہ ابھی طے ہونا باقی ہے۔

دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ بابر اعوان کو بری کیا گیا تو باقی ملزمان بھی اس بات کی آڑ لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سارے ملزمان بابر اعوان کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، باقی ملزمان تو کہیں گے کہ انہوں نے اپنا کام کر دیا تھا، آگے وزارت نے نہیں کیا۔

بابر اعوان نے کہا کہ آپ نے کہا کہ نندی پور منصوبے میں تاخیر ہوئی، ای سی سی نے یہ منصوبہ 27 دسمبر 2007ء کو منظور کیا، اس منصوبے میں تاخیر کے مختلف مراحل ہیں، 2009ء سے پہلے 14 ماہ گزر چکے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زاہد حامد اور فاروق نائیک اس وقت وزیر قانون تھے۔

واضح رہے کہ ملزمان پر نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو 27ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

تازہ ترین