• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف اقبال 20 سال بعد شارجہ اسٹیڈیم میں دوستوں سے گھل مل گئے

شارجہ (نمائندہ خصوصی)شارجہ میں کرکٹ شروع کرنے والے سابق پاکستانی کپتان آصف اقبال جمعرات کو بیس سال بعد شارجہ اسٹیڈیم میں دکھائی دیئے۔شارجہ میں عبدالرحمن بخاتر کے ساتھ کرکٹ شروع کرنے والے آصف اقبال اس بار پاکستان کرکٹ بورڈ اور کراچی کنگز کی دعوت پر آئے ہیں۔جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ20 برسوں سے میری عبدالرحمن بخاطر سے ملاقات نہیں ہوئی ہے اور اس بار بھی ان سے نہیں ملا ہوں۔2000میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان ہنسی کرونئے شارجہ سے اپنے ملک گئے اور انہوں نے میچ فکسنگ کا اعتراف کیا جس کے بعد وہ جہاز کے حادثے میں پراسرار انداز میں ہلاک ہوگئے۔اس ٹورنامنٹ کے بعد آصف اقبال اور عبدالرحمن بخاطر کی راہیں ہمیشہ کے لئے جدا ہوگئیں۔شارجہ کے انتظامی معاملات سے انہیں الگ کردیا گیا۔یہ وہ دور تھا جب یہ سینٹر میچ فکسنگ کے الزامات کی زد میں آگیا۔آصف اقبال اب انگلینڈ میں رہائش پذیر ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بیس سال بعد اپنا لگایا ہوا پودا تناور درخت دکھا ئی دے رہا ہے۔ماضی کے جھرنکوں میں جھانکنے کے بجائے آصف اقبال میڈیا کے دوستوں سے گھل مل گئے اور پرانی یادیں تازہ کرتے رہے۔شارجہ اسٹیڈیم میں علی انور اور چیف کیو ریٹر جمیل نے ان سے ملاقات کی۔انہوں نے پاکستان سپر لیگ کا میچ پاکستان کے دو سابق ٹیسٹ کرکٹرز ظہیر عباس اور مدثر نذر کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان سے بھی ملے اور ان کےوالد کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تازہ ترین