اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے بھارت کو ایک بار پھر امن کا پیغام دیتے ہوئے بھارتی حکومت اور قیادت پر زوردیا ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا جنگی جنون اور جارحانہ طرزعمل ترک کرے‘انڈیاپاکستان کو دباؤمیں لانے کا خیال ذہن سے نکال دے‘پاکستان امن پسند ملک ہے،ہم امن چاہتے ہیں‘بی جے پی خطے میں جنونی رویہ ترک کرے‘ بھارت کی دھمکیوں اورجارحانہ رویے سے ہرگز مرعوب نہیں ہوں گے‘پوری قوم وطن کے دفاع کیلئے متحد ہے ‘ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں، تمام ادارے اور پاکستان کا بچہ بچہ اپنے ملک کی حفاظت کے لیے متحد ہے ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔علاوہ ازیں شاہ محمود قریشی نے اپنادورہ جاپان منسوخ کردیا۔قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز ،سفارتکاروں سے اہم ملاقات کی۔ یہ مشاورتی اجلاس مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارت کے جارحانہ عزائم کو پیش نظر رکھتے ہوئے طلب کیا گیا ۔اس موقع پرشاہ محمود قریشی نے کہا کہ سابق سیکرٹریز خارجہ اور سفارتکاروں سے مشاورت کا مقصد ان کے وسیع تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے موجودہ صورتحال میں ایک جامع اور مربوط لائحہ عمل مرتب کرنا ہے‘ہماری کوشش ہوگی کہ مشاورت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی تواتر کے ساتھ جاری رہے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگومیں وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارت کسی بھی مہم جوئی کا خیال دل سے نکال دے ‘پاکستان کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہا ہے ۔