اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے پنجاب میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے نام پر مردوں کو سزا کے طور پر کڑا پہنانے کو غیرسنجیدہ عمل اور سستی شہرت کا حصول قرار دیا اور کہا کہ عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی جامع، سنجیدہ اور مثبت کام ہونا چاہئے۔خواتین جو آج حقوق کا تقاضا کر رہی ہیں ان کو چاہئے کہ اپنے بچوں کی اخلاقی تربیت اور اصلاح کی ذمہ داری کا بھی احساس کریں۔ اسلام خواتین کے حقوق کے تحفظ کا مذہب ہے اور اس میں خواتین کو جو عزت بخشی گئی ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں ہے۔ہماری پارٹی پاکستان مسلم لیگ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ خواتین کے عالمی دن پر یہاں اپنی جماعت کی خواتین کی تقریب میں انہوں نے کہا کہ اپر کلاس کے بچوں میں اسکول کے بعد منشیات کے استعمال میں مبتلا ہونے اور انٹرنیٹ پر فحش مواد دیکھنے کی خبریں نہایت افسوسناک ہیں۔ اگر مائیں اپنے بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت دیں گی تو پاکستان کا مستقبل بہتر اور روشن ہو گا۔ تقریب سےمسلم لیگ شعبہ خواتین کی صدر مسز فرخ خان نے بھی خطاب کیا۔