اسلام آباد(نمائندہ جنگ، خبرایجنسیاں )بھارت سے کشیدگی، شاہ محمود قریشی کے چین ، جرمنی سمیت متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے،وزیر خارجہ نے کہا ہےکہ جنوبی ایشیا میں صورتحال گھمبیر ہے، اقوام عالم کردار ادا کرے،شاہ محمود قریشی نے جاپانی ہم منصب سے بھی گفتگوکی ۔تفصیلات کےمطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں امن و امان کی صورتحال گھمبیر ہوگئی،مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور ایسے میں اقوام متحدہ اور اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں حملے کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کیا،گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی روابط کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا اور پہلے سے موجود دوستی اور باہمی جذبہ خیر سگالی کو مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت داری میں ڈھالنے پر آمادگی ظاہر کی۔جرمن وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اس کے ساتھ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی اہمیت کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی نمائندہ فیڈریکاموغرینی کو ٹیلی فون کیا اور پلوامہ واقعے کے تناظر میں علاقائی امن کے بارے میں انہیں آگاہ کیا،علاقائی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کااعتراف کرتے ہوئے فیڈریکاموغرینی نے وزیر خار جہ کو پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے مکمل تعاون کایقین دلایا۔