• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ کی صورت میں حکومت اور اسے لانے والوں کا ساتھ نہیں دینگے،غلام بلور

پشاور (نمائندہ جنگ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کا کوئی امکان نہیں البتہ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی صورت میں ہم حکومت اور اسے لانے والوں کا کسی صورت ساتھ نہیں دیں گے ،پاکستان اور پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ میدان میں نکلیں گے، اپنی رہائشگاہ پر مختلف پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کو پامال کر کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے حکمرانوں کا ساتھ نہیں دے سکتے لیکن ملک کے عوام کی خاطر سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے،انہوں نے کہا کہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے اس قابل نہیں کہ ان پر اعتبار کیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ اے این پی اور بلور خاندان نے ہمیشہ آئین و جمہوریت کی بالادستی کی جنگ لڑی اور اس جنگ میں کئی بار اپنے پیاروں کو کھو دیا ، حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ صرف میرے گھر سے تین پیاروں کے جنازے اٹھے جس کے بدلے میں ہمیں ملکی سیاست سے بے دخل کرنے کیلئے ریاست نے پورا زور لگایااور ہماری جماعت کے گلے پر کند چھری سے وار کئے گئے، انہوں نے کہا کہ روایات کے مطابق گلہ شکوہ ہمیشہ اپنوں سے کیا جاتا ہے اور ہمیں اپنے اداروں سے گلہ ہے جنہوں نے ہمارے ساتھ ظلم و جبر کی انتہا کئے رکھی ، حاجی بلور نے کہا کہ 70ء کے انتخابات جنرل یحییٰ خان نے کرائے جس میں ذوالفقار علی بھٹو پورا پنجاب ساتھ لے گئے لیکن خوش قسمتی سے ہم نے جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حکومت بنائی ۔انہوں نے کہا کہ باچا خان نے ہمیں انسانیت کی خدمت کا جو درس دیا ہم اسی پر کاربند رہتے ہوئے قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین