حالیہ عرصہ میں ڈی ٹاکس جوس ڈائٹ کی مقبولیت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے، کیونکہ بہرحال آج کی تیز رفتار زندگی میں بھرپور غذائیت حاصل کرنے کا یہ سب سے آسان طریقہ ہے۔ 2010ء میں ـ"Fat, Sick & Nearly Dead"نامی ایک ڈاکیومنٹری بنائی گئی تھی، جس میں پہلی بار ڈی ٹاکس جوس کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ اس ڈاکیومنٹری میں ایک آسٹریلوی شخص کو دِکھایا گیا تھا ، جو 60روز تک صرف جوس پیتا ہے اور اس دوران اس کے وزن میں 50کلو کمی آجاتی ہے۔
ڈی ٹاکس جوس کیا ہے؟
ڈی ٹاکس جوس ایک غذائیت بخش جوس ہے، جو پھلوں اور سبزیوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ آپ 7دن کے لیے صرف جوس اور پانی پیتے ہیں، اس دوران آپ اپنے جگر اور نظامِ ہضم کو ڈی ٹاکس ہونے اور جسمانی وزن کم کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ جگر اور نظامِ ہضم کی اس صفائی کے دوران ہر 2سے ڈھائی گھنٹے بعد جوس پیا جاتا ہے اور کوشش کی جاتی ہے کہ اس سے زیادہ طویل وقفہ نہ ہو۔ وقفہ زیادہ طویل ہونےسے آپ کے خون میں شوگر لیول متاثر ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں آپ کا جوس ڈی ٹاکس ڈائٹ پلان متاثر ہوسکتا ہے اور آپ کو اپنا پلان دوبارہ سے شروع کرنا پڑسکتا ہے۔
ڈی ٹاکس جوس کے فوائد
بہت سارے لوگ مصروف زندگی کے باعث روزانہ پھل اور سبزیوں کی تجویز کردہ مقدار نہیں کھاپاتے۔ ڈی ٹاکس جوس آپ کو وہ اضافی غذائیت فراہم کرتا ہے، جسے آپ روز مرہ غذا کے ذریعے حاصل نہیں کرپاتے۔ ڈی ٹاکس جوس کے کچھ فوائد یہ ہیں:
٭آپ کو جسمانی وزن جلد کم کرنے میں مدد دیتا ہے
٭غذا کو جسم میں تیزی سے جذب کرنے کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے
٭اچھے بیکٹیریا کی نشوونما کرتا ہے
٭کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں مددگار ہے
٭آپ کے جگر کو صاف کرتا ہے
٭آپ کے خون میں شوگر کی بڑھی ہوئی سطح کو کم کرتا ہے
٭آپ کی جِلد کو بہتر بناتا ہے
٭آپ کا سبزیاں کھانے کا دائرہ وسیع کرتا ہے
٭آپ کے جسم میں لچک اور مضبوطی پیدا کرتا ہے
چونکہ جوس میں فائبر نہیں ہوتا، اس لیے اسے عام روایتی کھانے کی طرح ہضم ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی۔Nutrientsکو انسانی جسم بہتر طور پر جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تازہ جوس آپ کے جسم پر انہضامی ضرورت کے لیے اضافی بوجھ نہیں ڈالتا، جس سے آپ کے جسم کو گندے مادے خارج کرکے صاف ہونے کا موقع ملتا ہے۔
وزن کم کرنے کیلئے ڈی ٹاکس جوس
آپ وزن کم کرنے کے لیے جوس ریسیپی کو 2 طرح سے استعمال کرسکتے ہیں۔ پہلے طریقے کے تحت آپ کو 7دن تک صرف جوس لینا ہےیعنی(Total Juice Fast) اور دوسرے طریقے کے تحت آپ جوس کے ساتھ متبادل متوازی غذا (Balanced Meal Replacement)لے سکتے ہیں۔
ٹوٹل جوس فاسٹ
وزن کم کرنے کا پہلا طریقہ یہ ہے کہ آپ کو 7روز تک صرف جوس پینا ہے اور جوس کے ساتھ آپ کوئی ٹھوس غذا نہیں لے سکتے۔ ٹوٹل جوس فاسٹ میں بہت زیادہ نظم و ضبط اور تیاری کی ضرورت ہوتی ہے اور اس پر درست طریقے سے عمل نہ کیا جائے تو درحقیقت یہ نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ اس لیے یہ ڈائٹ پلان اختیار کرنے سے پہلے کسی اچھے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔
بیلنسڈ میل رپلیسمنٹ
وزن کم کرنے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی روز مرّہ زندگی سے 1-2غیر صحت مند کھانوں کو نکال باہر کریں اور ان کی جگہ ڈی ٹاکس جوس پئیں۔ اس کے لیے آپ زیادہ کاربوہائیڈریٹ والی غذائیں جیسے چاول، ڈبل روٹی، پاستا، سوڈا بوتل، ٹیٹراپیک جوس اور تلی ہوئی یا پراسیسڈ غذاؤں کو نکال کر ان کی جگہ ڈی ٹاکس جوس پی سکتے ہیں۔ طویل مدت تک وزن کو قابو میں رکھنے کا یہ آسان، مؤثر اور پائیدار طریقہ ہے۔
یاد رکھیں ، ڈی ٹاکس جوس میں زیادہ تر جوس سبزیوں سے حاصل کرنا چاہیے جبکہ پھلوں کا جوس صرف اسے میٹھا بنانے کی حد تک استعمال کرنا چاہیے۔ سبزیوں کے جوس میں کیلوریز کم مقدار میں ہوتی ہے اور ان میں فائدہ مند Nutrientsجیسے اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور معدنیات زیادہ ہوتے ہیں۔
ڈی ٹاکس جوس کیسے تیار کیا جائے؟
سبزی یا پھل سے جوس حاصل کرنے کا طریقہ کچھ اس طرح ہے:
(1تمام اجزا کو اچھی طرح دھو کر پانی سکھائیں، (2سبزی اور پھل کو ایک انچ کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں، (3 تمام اجزا کو جوسر میں ڈالیں، (4حسبِ ضرورت انھیں جوسر میں پراسیس کریں، جب تک کہ آپ کے مطلب کا جوس تیار نہ ہوجائے۔
گرین ڈی ٹاکس جوس
گرین ڈی ٹاکس جوس ریسیپی انتہائی مقبول ہے۔ اس میں سبزیوں اور پھلوں کا متوازن استعمال کیا جاتا ہے، جو تعطیلات یا تقریبات کے بعد آپ کے جسم کو ڈی ٹاکس کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ سیب غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ وٹامن سی کا اچھا ذریعہ ہونے کے علاوہ سیب میں پولی فینول بھی پائے جاتے ہیں، جس کے کئی طبی فوائد ہیں۔ اپنے ذائقے کے مطابق، ریسیپی میں سیب کی مقدار کو کم یا زیادہ کیا جاسکتا ہے۔
اجزا:
(1 سبز سیب دو عدد، ہر ایک کے دو ٹکڑے کرلیں، (2اجوائن کے بغیر پتوں والے تنے تین عدد، (3 کھیرا ایک عدد، (4بند گوبھی کی ایک قسم(Kale)کے پتے 8عدد، (5چھِلا ہوا آدھا لیموں ، (6 تازہ ادرک ایک عدد، (7پودینے کی ٹہنی ایک عدد۔
آپ اس کے علاوہ بھی اپنے ذائقے اور پسند کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کا ڈی ٹاکس جوس بنا کر پی سکتے ہیں۔