چاہے آپ جاب انٹرویو دینے جارہے ہوں، انٹرن شپ کیلئےملاقات کررہے ہوں، کسی نیٹ ورک ایونٹ میں شرکت کررہے ہوں یا پھر کسی کا بھی پہلی با ر سامنا کر رہے ہوں، آپ کو اپنا پہلا تاثر ہی متاثرکن بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیںکہ آپ گھبراہٹ کا شکار بھی ہوتے ہیں لیکن یہی گھبراہٹ کبھی کبھار آ پ کیلئے بہترین کام کر جاتی ہے۔کچھ لوگ اپنی گھبراہٹ کو چھپانے میں بہت ماہر بھی ہیں، تاہم جب بھی آپ کوئی انٹرویو دینے یا اہم میٹنگ کے لیے جائیں تو جانے سے پہلے ملاقات کی ریہرسل کرلیںاور پھر ویسے ہی لوگوں کے ساتھ پیش آئیں۔ یہاں کچھ مشورے دیے جارہے ہیں، جو آپ کو بہترین انداز سے اپنا پہلا تاثر پیش کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
نام یاد رکھیں
اکثر پہلی ملاقات کےبعد کچھ لوگوں کے نام یاد رنہیں رہتے اور جب وہ دوبارہ ملتے ہیں تو آپ نام سوچنے میںکام کی بات بھول جاتے ہیں۔ اس لیے ملاقات کے دوران جب تعارف کا موقع آئے تو دوسروں کا نام بلند آواز سے پکاریں ۔ مثال کے طورپر ، ’’اسلام علیکم راشد، میرا نام سلیم ہے۔ آخر کار ہماری ملاقات ہوہی گئی، آپ کےنام اور آپ کے کام کے بارے میں بہت کچھ سنا تھا‘‘۔ جب بھی آپ کسی کا نام یاد کرنا چاہیں تو اس کے نام کے پہلے حرف کو کسی بھی چیز سے وابستہ کرلیں، جیسے کسی کا نام ’ش‘ سے شروع ہوتا ہے تو ذہن میں ٹٹولیں کہ آپ کے جاننے والوں میں کتنے لوگوں کا نام ’ش‘ سے آتا ہے یا اس نام سے وابستہ کوئی واقعہ ذہن میں ہے۔
آئی کانٹیکٹ
جب آپ کسی سے بات کررہے ہوںتو سب سے اہم بات یہی ہے کہ آپ اسے باور کروائیں کہ آپ اس کی بات غور سے سن رہے ہیں۔ اگر آپ کسی سے بات کررہے ہیں اور آپ کی آنکھیں مخاطب کے بجائے ادھر ادھر جارہی ہیں تو اس سے ظاہر ہوتاہے کہ آپ مخاطب میں دلچسپی نہیں لے رہے یاپھر آپ گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ مگر یہ بھی نہ ہو کہ آپ کسی کی آنکھوں میں مسلسل دیکھتے رہیں۔ آپ دوسرے کی آنکھوںمیں دیکھ کربات کریں پھر گاہے بگاہے نظریں ہٹاتے رہیں اور پھر سے آئی کانٹیکٹ قائم کریں۔
باڈی لینگویج
ایک اسٹڈی کے مطابق روزانہ کی گفت وشنید میں غیر زبانی گفتگو 93فیصد ہوتی ہے، جس کا مطلب صرف7فیصد گفتگو الفاظ کی محتاج ہوتی ہے۔یعنی لوگ اپنے چہرے کے تاثرات اور باڈی لینگویج سے بہت کچھ کہہ جاتے ہیں۔ آپ زبانی جو کہیں، اس کے ساتھ اپنی جسمانی حرکات وسکنات کو بھی گفتگو کے مطابق رکھیں۔ اس کیلئے کچھ مشورے ہیں:
کرنے کے کام
٭سیدھے بیٹھیں یا سیدھے کھڑے ہوں، اس سے پتہ چلتاہے کہ آپ بااعتماد ہیں۔
٭ نشست سے برخاست ہونے یا چلنے میں جلد بازی نہ کریں۔
٭ کرسی پر بالکل لمبے نہ لیٹ جائیں، تھوڑا آگے جھک کر اور کندھے پیچھے کرکے بیٹھیں۔ اس سے پتہ چلتاہے کہ آپ سامنے والے کی باتیں غور سے سن رہے ہیں ۔
٭ مسکراتے رہیں کیونکہ مسکراہٹ سے پتہ چلتاہے کہ آپ سامنے والے کی بات میںدلچسپی لے رہے ہیں۔
نا کرنے کے کام
٭بہت زیادہ جھک جانا، دوسرےشاید یہ سمجھیں کہ آپ آرام سے نہیں ہیں ۔
٭ اپنی گردن یا ٹھوڑی کو با ربار چھونا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اپنی کہی ہوئی بات کے بارے میں خود بے یقینی کا شکار ہیں ۔
٭تیزی سے حرکت کرنا، اس سے بھی پتہ چلتاہے کہ آپ گھبراہٹ یا بے آرامی میں مبتلا ہیں ۔
٭ اپنے ہاتھ باندھے رکھنا، اس کا مطلب ہے کہ آپ دوسروں سے گھلنا ملنا نہیں چاہتے ۔
٭ بے چینی ظاہر کرنا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ نروس ہیں۔
دلچسپی ظاہر کرنا
جب کوئی دوسرا بات کررہا ہو تو آئی کانٹیکٹ کے ساتھ، اپنی باڈی لینگویج سے یا چند ایک جملوں سے یہ ظاہر کرنا کہ آپ اس کی باتوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ چاہے سامنے والے کا موضوع کتناہی اُکتاد ینے والا کیوں نہ ہو، آپ کو اپنی دلچسپی ظاہر کرنی ہے۔ دلچسپی ظاہر نہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ غرور میں مبتلا ہیں، جس سے برا اثر پڑسکتاہے۔ دوسرا یہ کہ اس سے مخاطب کو احساس ہوگا کہ وہ جو کچھ کہہ رہاہے اس کی کوئی وقعت نہیں ہے ۔
صاف آواز میں بات کریں
جب بھی بولیں تو آپ کی آواز صاف اور الفاظ واضح ہونے چاہئیں۔ الفاظ مروڑ کر، بار بار دہرا کر یا چبا کر ادا نہیں کرنے چاہئیں۔ اپنے لہجے کو بھی یکسانیت نہ دیں، ا س میں بات کی مناسبت سے اُتار چڑھائو لاتے رہیں۔ گفتگو کے حوالے سے خیالات اور الفاظ کم پڑ رہے ہوں تو وقفہ لے لیں۔
عمدہ لباس سے متاثر کریں
لوگ آپ کی بات سننے سے پہلے آپ کو سر تا پیر دیکھتے ہیں۔ اپنا عمدہ تاثر چھوڑنےکیلئے نفیس اور خود پر جچنے والا لباس پہنیں۔ آپ کے با ل تراشیدہ اور اچھے بنے ہوں جبکہ، ناخن بھی تراشے ہوئے ہوں۔ اچھی سی خوشبو بھی لازمی لگانی چاہیے۔