• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: گھبراہٹ کا شکار مسلمان مسافر پر ساتھی مسافر کا تشدد، مسلمان مسافر لاپتہ، اہلِخانہ کا دعویٰ

بھارت میں مسلمانوں کے خلاف اظہارِ نفرت عروج پر پہنچ گیا۔ بھارتی ایئر لائن ’انڈی گو‘ کے مسافر طیارے میں موجود ’پینک اٹیک‘ کا شکار ہونے والے مسلمان مسافر کو دوسرے مسافر نے تھپڑ مار دیا۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھارتی ایئر لائن ’انڈی گو‘ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کے بعد مسلمان مسافر کے اہلِ خانہ نے مسافر کو پہچان لیا اور دعویٰ کیا کہ مذکورہ مسافر لاپتہ ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مسلمان مسافر کو طیارے میں سوار ہونے کے بعد ’پینک اٹیک‘ آگیا۔ اعصابی کیفیت خراب ہونے پر مسافر نے عملے سے درخواست کی کہ اسے آف لوڈ کر دیا جائے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 32 سالہ حسین احمد مجمدار نامی شخص کی آف لوڈنگ کے سبب طیارے کے مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

وائرل ویڈیو کے مطابق ایئرلائن کا عملہ ممبی سے سلچر جانے والے حسین احمد کو ابھی آف لوڈ کر ہی رہا تھا کہ طیارے میں موجود ایک اور مسافر نے تاخیر کے سبب اپنا غصہ مسلمان مسافر کو تھپڑ مار کر اُتارا۔

بعدازاں مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تھپڑ مارنے والے شخص کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

مذکورہ ویڈیو آسام میں موجود مسلمان مسافر کے اہل خانہ کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا حسین احمد اس واقعے کے بعد سے لاپتہ ہیں اور ان کا فون بھی بند جا رہا ہے۔

حسین احمد کے اہلِ خانہ نے ان کی گمشدگی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے جبکہ تھپڑ مارنے والے مسافر کو کلکتہ ایئرپورٹ پر اتار کر حراست میں لے لیا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید