• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میںپھر گیس کا بحران، شہری سراپا احتجاج

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی اور گرد ونواح کے علاقوں میں چند روز کی معمولی بہتری کے بعد گیس کا بحران پھر بدترین صورت اختیار کر گیا ہے اور گزشتہ روز بھی بارش اور سردی میں متعدد علاقوں میں چولہے ٹھنڈے پڑے رہے۔بنیادی سہولت کی عدم فراہمی پر لوگوں کی زندگی مشکل بنی ہوئی ہے بالخصوص خواتین اور بچے حکومت کی بے حسی پر شدید پریشانی کا شکار ہیں، جن چند علاقوں میں یہ بنیادی سہولت دستیاب ہے وہاں پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ کوئی چیز پکنے کا نام نہیں لیتی پریشر کم ہونے کی ایک وجہ کمپریسر کا استعمال بھی ہے جس کی روک تھام کیلئے ایس این جی پی ایل کی کارروائیاں محض دعوئوں تک محدود ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس بار موسم سرما میں انہیں گیس کے شدید بحران کا سامنا رہا اور بار بار کے احتجاج کے باوجود کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ گرجا روڈ چک جلال دین محلہ قریشی آباد نزد مسجد علی اکبر، رینج روڈ، شالے ویلی، ویسٹریج، کٹاریاں، سیٹلائٹ ٹائون، النور کالونی، کھنہ روڈ، صادق آباد، مسلم ٹائون، آریہ محلہ، اڈیالہ روڈ، گلشن آباد، ڈیفنس روڈ، قائد اعظم کالونی، میڈیا ٹائون، شعبان کالونی، کوئلہ سینٹر، پولیس سٹیشن روڈ، ڈھوک لکھن اور لالہ زار سمیت شہر کا کوئی علاقہ بھی ایسا نہیں جہاں کے رہائشیوں کو یہ بنیادی سہولت ضرورت کے مطابق میسر آرہی ہو جبکہ دوسری طرف کئی کئی گنا اضافے سے آنے والوں بلوں نے عوام کی مت مار دی ہے، گزشتہ روز بھی شہر کے متعدد علاقوں میں متاثرین نے زائد بلوں اور گیس کی عدم فراہمی پر ایس این جی پی ایل اور حکومت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، صارفین نے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو وزیر اپنے حلقے میں گیس کی فراہمی کو یقینی نہیں بنا سکتے وہ پورے ملک کے لوگوں کا مسئلہ کیسے حل کریں گے۔
تازہ ترین