پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 23 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف 17 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
شین واٹسن نے ناقابل شکست دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 91 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چار چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔
احمد شہزاد نے شین واٹسن کا بھرپور ساتھ دیا اور 50 رنز بنائے۔
صرف 5 رنز پر اوپنر احسن علی کے آؤٹ ہونے کے بعد شین واٹسن اور احمد شہزاد نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 129 رنز بناکر ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔
پشاور زلمی کے سمین گل اور عمید آصف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہدف
کامران اکمل اور کائرون پولاڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لئے 166 رنز کا ہدف دے دیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل اور فلیچر نے اچھا آغاز دیا، دونوں نے مل کر 58رنز کی شراکت قائم کی۔
فلیچر 26رنز کی اننگز کھیل کر کامران اکمل کا ساتھ چھوڑ گئے، اُنہیں محمد نواز نے کلین بولڈ کیا۔
کامران اکمل نے نئے آنے والے بیٹسمین امام الحق کے ساتھ بھی اچھی شراکت بنائی اور 40 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 98 تک پہنچادیا، اس موقع پر اماالحق 13رنز بناکر فواد احمد کی گیند پر محمد حسنین کو کیچ دے بیٹھے۔
اس دوران کامران اکمل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 72 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
کامران اکمل کی اننگز میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد پولارڈ نے بھی تیزی سے رنز بنائے اور صرف 21 گیندوں 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیرن سیم صرف تین رنز بناسکے۔
یوں پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
محمد نواز، محمد حسنین، براوو اور فواد احمد نے ایک، ایک وکٹ لی۔