لاہور(نمائندہ جنگ)نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل لاہورمیں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرخزانہ اسدعمر اور وزیراعظم عمران خان کو ایک بارپھر شدیدتنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بات کرنے والے آج سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج مہیا نہیں کر رہے‘بلاول نے کہا کہ سمجھ نہیں آئی کہ وزیر خزانہ اسد عمر میری تقریر پر تنقید کر رہا تھا یا وزیر خارجہ شاہ محمود پر کیوں کہ مجھ سے زیادہ انگریزی شاہ محمود نے بولی‘ ہمارا پڑھا لکھا جاہل وزیر خزانہ پتہ نہیں اینگرو میں کیوں انگریزی بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں منافقت نہیں کرنی چاہیے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جو تقریر عمران خان نے تھر میں کی اس سے ایک برا پیغام گیا‘میری تقریر کے بعد خان صاحب اور اسد عمر کی تنقید سے برا پیغام گیا۔میں اپنے نام کے ساتھ بھٹو اور زرداری دونوں لگاتا ہوں ‘عمران خان نے تو اپنے ساتھ نیازی نہ لکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر رکھا ہے‘میں نے کوئی نوٹیفکیشن نہیںنکالا کہ باپ کا نام نہ استعمال کریں ۔نیوزایجنسیوں کے مطابق بلاول کا کہناتھا کہ مجھے پڑھے لکھے جاہل وزیر اسد عمر پر دکھ ہو رہا تھا ۔ انہیں دکھ ہے کہ میں اپنے نام کے ساتھ بھٹو کیوں استعمال کرتا ہوں،میں نے نوٹیفکیشن نہیں نکالا کہ باپ کا نام استعمال نہ کریں ، سیاست میں اتنی منافقت اچھی نہیں ۔